عدالتی حکم عدولی پر تھانے دار کیخلاف شوکاز نوٹس جاری

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 ستمبر 2013
ایس ایچ او کا تاوان لینے والے سی آئی ڈی افسران کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار  فوٹو: ایکسپریس / فائل

ایس ایچ او کا تاوان لینے والے سی آئی ڈی افسران کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار فوٹو: ایکسپریس / فائل

کراچی:  عدالت نے تاوان وصول کرنے والے پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کرنے والے اور توہین عدالت کے مرتکب مبینہ ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کرکے 24 گھنٹے میں جواب طلب کرلیا ہے۔

درخواست گزار امام بخش نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ 10 اپریل 2013کو سی آئی ڈی کے انسپکٹر محمد شریف جونیجو، مختار سریو سمیت 4 اہلکار سادہ لباس میں اس کی دکان مبینہ ٹاؤن آئے اور اس کے بیٹے محمد جمیل اور ملازم اکبر کو دکان سے آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر گھر لائے اور گھر میں تلاشی کے بہانے طلائی زیورات و نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے اور بیٹے اور ملازم کو جمشید کوارٹر میں قید کردیا 3 روز تک غیرقانونی طور پر قید رکھا اور 5 لاکھ روپے تاوان کی رقم وصول کرکے انھیں چھوڑ دیا،واقعے کے رپورٹ مبینہ ٹاؤن تھانے کو دی پولیس نے کسی کارروائی سے انکار کیا۔

عدالت سے تاوان وصول کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی اور فاضل عدالت نے ایس ایچ او کو مدعی کے بیان پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جمعرات کو درخواست گزار نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا، ایس ایچ او نے عدالتی حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے، فاضل عدالت نے عدالتی حکم عدولی پر ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور آج ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوکر جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔