پیپلزپارٹی کے 5 سال: صدر، وزرائے اعظم کے 148 غیر ملکی دورے

آئی این پی  جمعـء 20 ستمبر 2013
5 سال میں 5 ارب روپے خرچ، ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ خاندان والوں کی بھی سیر ہوئی۔ فوٹو: فائل

5 سال میں 5 ارب روپے خرچ، ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ خاندان والوں کی بھی سیر ہوئی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سابقہ 5سالہ دور میں سابق صدر اور 2 وزرائے اعظم نے مجموعی طور پر 148 سرکاری اور نجی دورے کیے۔

سابق صدر آصف علی زرداری 69 سرکاری  اور 24 نجی دوروں پر بیرون ملک گئے،سابق صدر کے 24نجی دوروں میں 23 متحدہ عرب امارات کے تھے ۔سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف نے بیرون ملک کے 55سرکاری دورے کیے۔ سابق صدر اور دونوں وزرائے اعظم کے 148 سرکاری اور نجی دوروں پر قومی خزانے سے 5 ارب روپے سے زائد خرچ ہوئے۔

سرکاری دستاویزات سے حاصل معلومات کے مطابق آصف علی زرداری نے5 سال میں امریکا، چین، ترکی، ایران، افغانستان، سعودی عرب اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک کے 69 دورے کیے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے 4 سال میں 41 غیر ملکی سرکاری دورے کیے، وہ 2 مرتبہ نجی دورے پر برطانیہ گئے۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے 14 سرکاری دورے کیے تاہم  وزیر کی حیثیت سے وہ نجی  دورے پر بیرون ملک نہیں گئے۔ سابق وزرائے اعظم کے غیر ملکی دوروں میں کابینہ و ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ خاندان کے افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔