6 سال میں 120 ارب ترقیاتی فنڈ سے خرچ کیے، مراد علی شاہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 8 اگست 2019
کراچی، ٹھٹھہ اور بدین کی ساحلی پٹی میں بارش کے پیش نظر وزیربلدیات کو اقدامات کی ہدایت
 فوٹو : فائل

کراچی، ٹھٹھہ اور بدین کی ساحلی پٹی میں بارش کے پیش نظر وزیربلدیات کو اقدامات کی ہدایت فوٹو : فائل

کراچی:  وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 6 سالوں میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر 120 ارب روپے خرچ ہوئے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 6 سال 14-2013 تا 19-2018 میں مجموعی طورپر ترقیاتی کاموں پر 495.04 بلین روپے کے اخراجات ہوئے جس میں سے120.30 بلین روپے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوئے۔

انھوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے کے ساحلی پٹی میں متوقع شدید بارشوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کوہدایت کی کہ وہ متوقع بارشوں کے حوالے سے لوکل باڈیز کے عملے کو الرٹ کر دیں، زیادہ تر کراچی، ٹھٹھہ، بدین کی ساحلی پٹی اور حیدرآباد کے چند حصے متاثر ہوں گے لہٰذا کے ایم سی، ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ، ایچ ڈی اے، ایچ ایم سی، واسا کو لازمی طورپر فعال ہونا چاہیے۔

انھوں نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ٹھٹھہ اور بدین میں لوکل باڈیز کو فعال کرے جہاں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی شدید بارشیں ہونے کی صورت میں مدد کرے گی۔ انھوں نے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی فعال کریں تاکہ وہ بارش کے پانی کی نکاسی اور لوگوں کی مدد اور تعاون کے حوالے سے فعال رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔