حب: غفار ذکری کے والد سمیت گینگ وار کے 35 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 ستمبر 2013
کراچی میں چھاپے، ٹارگٹڈ آپریشن، 154 ملزمان گرفتار، اسلحہ،منشیات اور موٹر سائیکل برآمد.  فوٹو: فائل

کراچی میں چھاپے، ٹارگٹڈ آپریشن، 154 ملزمان گرفتار، اسلحہ،منشیات اور موٹر سائیکل برآمد. فوٹو: فائل

کراچی: سرجانی ٹاؤن سے حساس اداروں کے ہاتھوں حراست میں لیے جانیوالے لیاری گینگ وارارشد پپو گروپ کے اہم سرغنہ کی نشاندہی پرایف سی کی ٹیم نے حب چوکی کے قریب چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران غفار ذکری کے والد سمیت35 افرادکوحراست میں لے لیا۔

پولیس اور رینجرز نے کراچی  کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروایوں ، ٹارگٹڈ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 154 ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سے2روز قبل قانون نافذ کرنے والوں کی ایک ٹیم نے چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار ارشد پپو گروپ کے اہم سرغنہ  کو حراست میں لے لیا تھا اور ملزم کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، تفتیش کے دوران حراست میں لیے جانیوالے  ملزم نے اہم انکشافات کیے جس پر کراچی میں تعینات قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ایک ٹیم نے بلوچستان میں تعینات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ہمراہ حب سٹی اور ہائٹ تھانے کی حدود مینگلا آباد ، رشید آباد اور گلیکسی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار ارشد پپو گروپ کے موجودہ سرغنہ غفار ذکری کے والد عیسیٰ اور ولی دادسمیت 35 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 4 کلاشنکوف ،4واکی ٹاکی ،مختلف اقسام کے آتشی اسلحہ کے500 سے زائد2 راؤنڈ ، 2دستی بم اور2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ڈی ایس پی حب ضیا مندو خیل نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنھوں نے مین آر سی ڈی شاہراہ دارو ہوٹل کے قریب سے گزرنے والے نیٹو فورسزکے ایک درجن سے زائد کنٹینرز کو راکٹ مار کرتباہ کر دیاتھا ، ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا،حراست میں لیے جانے والے ملزمان کوبلوچستان حب کے رہائشی آغاجانی نے پناہ دی ہوئی تھی۔گزری پولیس نے 2 مبینہ ڈاکو دولت خان اور سلیم کی گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے،ملزمان کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔

سندھ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے مختلف تھانوں کی حدودمیں موبائل ، موٹر سائیکل گشت ، رینڈم اسنیپ چیکنگ ، پکٹنگ ، ریکی ، داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی انٹیلی جینس کلیکشن ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے مربوط رابطوں اور اطلاعات کے تبادلوں و شیئرنگ جیسے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 96چھاپہ مار کاروائیوں اور مختلف مقامات پر ہونے والے گیارہ پولیس مقابلوں میں25مفرور ، 3اشتہاری ، قتل کے مقدمے کا ایک سمیت مجموعی طور پر120ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے45پستول / ریوالور / ماؤزر ،2رائفلیں ، 3شاٹ گنز و رپیٹر اور4بم برآمد کر لیے ۔رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں تھانہ نیوکراچی سے قتل ، بھتہ خورکے علاوہ نارکوٹکس ایکٹ کے 24 جبکہ ڈکیتی ، رہزنی و دیگر جرائم میں ملوث33ملزمان بھی شامل ہیں ،رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران شاہ فیصل کالونی نمبر3 ، فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل اور عیسیٰ گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران11مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔