جامعہ کراچی میں ٹیسٹنگ سروس کے قیام کی منظوری

صفدر رضوی  جمعـء 9 اگست 2019
انٹری ٹیسٹ پاس کرنے کیلیے طالبعلم کو 40 کے بجائے 50 فیصد پاسنگ مارکس حاصل کرنا ہونگے۔ فوٹو: فائل

انٹری ٹیسٹ پاس کرنے کیلیے طالبعلم کو 40 کے بجائے 50 فیصد پاسنگ مارکس حاصل کرنا ہونگے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے نئے تعلیمی سیشن2020کے لیے داخلہ پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے داخلوں کے سلسلے میں انٹری ٹیسٹ کے پاسنگ ہیڈز میں10فیصد مارکس کا اضافہ کردیا تاہم اب انٹری ٹیسٹ پاس کرنے کیلیے طالبعلم کو 40 کے بجائے 50فیصد پاسنگ مارکس حاصل کرنے ہوں گے۔

ایک اجلاس میں جامعہ کراچی کی ٹیسٹنگ سروس کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی، ان فیصلوں کی منظوری جمعرات کوجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیرصدارت اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ماسوائے کسی ایسے شعبے میں جہاں متعلقہ پروفیشنل کونسل کی جانب سے انٹری ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس کی شرط 60 فیصد تک ہے، باقی تمام شعبوں میں داخلوں کے لیے 50فیصد مارکس لینے والے طلبہ کوٹیسٹ میں کامیاب تصورکیاجائے گا تاہم اگرکسی شعبے میں داخلہ نشستیں خالی رہ جائیں گی تووہاں پاسنگ ہیڈز کم کیے جاسکیں گے۔

جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کی انچارج ڈاکٹرصائمہ اخترکے مطابق اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں جامعہ کراچی نے اپنی ٹیسٹنگ سروس’’کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس‘‘ (کے یواے ٹی ایس)کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے اورفیصلہ کیاگیاہے کہ داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ اسی ٹیسٹنگ سروس کے تحت لیاجائے گا۔ اگرکسی صورت ٹیسٹنگ سروس کے قیام میں تاخیربھی ہوئی ایسی صورت میں بھی داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس کے بجائے جامعہ کراچی خود ہی لے گی۔

مزیدبراں اجلاس میں طے کیاگیاکہ نئے تعلیمی سیشن 2020کے لیے آن لائن داخلہ پالیسی برقراررکھی جائے گی جبکہ کلیم فارم کاسلسلہ بحال کردیاگیاہے اورمیرٹ لسٹ سے مطمئن نہ ہونے والے امیدوارکلیم فارم کے ذریعے درخواست دے سکیں گے جسے میرٹ پرہی دیکھاجائے گا۔

علاوہ ازیں اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں جامعہ کراچی میں زیرتعلیم اورنئے تعلیمی سیشن پر داخلہ لینے والے غیرملکی طلبہ کی ٹیوشن اورہاسٹل فیسوں میں غیرمعمولی اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی صدرپروفیسر ڈاکٹرانیلاامبرملک کے مطابق اجلاس میں کہاگیاکہاکہ یہ طلبہ پاکستان کے سفیرہیں اوراپنے ملکوں میں واپس جاکرجامعہ کراچی اورپاکستان کابہترتاثراور شناخت دیتے ہیں لہذاجس تناسب سے ہمارے طلبہ کی فیسیں بڑھائی جائیں گی اسی تناسب سے ان کی فیس بھی بڑھائی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔