جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، تاجروں نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 9 اگست 2019
یوم آزادی کے موقع پر20 ارب کی خرید و فروخت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کے امکانات، حب الوطنی کے جنون نے یومِ آزادی کو تیسری عید بنا دیا۔ فوٹو: ایکسپریس

یوم آزادی کے موقع پر20 ارب کی خرید و فروخت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کے امکانات، حب الوطنی کے جنون نے یومِ آزادی کو تیسری عید بنا دیا۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی:  بھارت کی لائن آف کنٹرول پر جارحیت اور کشمیری مسلمانوں کے خلاف بڑھتے مظالم کے باعث پاکستانی تاجروں نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے بتایا کہ بھارتی جارحیت اور ہٹ دھرمی سے پاکستان میں 72ویں یوم آزادی کے حوالے سے عوام اور تاجروں میں جوش و خروش عروج پرپہنچ گیا ہے، شہری بڑے پیمانے پر سبز ہلالی پرچموں کے رنگوں سے سجے کپڑے، بیجز، ٹی شرٹس، چوڑیاں، کڑے اور دیگر اشیا خرید رہے ہیں، بھارت کے منفی رویے سے پاکستانی عوام اور تاجروں کے دلوں میں شدید نفرت اور غصے کے جذبات شدت اختیار کر گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ72ویں یوم آزادی کے موقع پر 20 ارب روپے کی خرید و فروخت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ عوام اور تاجر ملک کے 72ویں یوم آزادی پر وطن، قوم، افواجِ پاکستان، آئی ایس آئی اور رینجرز سے عقیدت، محبت اور اظہار یکجہتی کی نئی تاریخ رقم کریں گے، رواں سال جشن آزادی اور عیدالاضحیٰٰ ایک ساتھ منائیں گے، خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے عید کی طرح یومِ آزادی پر بھی سبز ہلالی پرچموں پر مشتمل کپڑے سلوائے ہیں، یوم آزادی کے حوالے سے جوش و خروش میں بے پناہ اضافہ ہو گیا، قوم کے حب الوطنی کے جنون نے یومِ آزادی کو تیسری عید کا درجہ دے دیا ہے۔

عتیق میر نے کہا کہ 14اگست سے قبل ہی یوم آزادی کی تقریبات اور جشن کی گہما گہمی شروع ہو چکی ہے، شہر میں ہر جانب قومی اور ملی نغموں کی گونج سنائی دے رہی ہے، رواں سال عوام میں جشنِ آزادی کا روایتی جوش وخروش اور ولولہ ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ نظر آ رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔