سندھ میں پلاسٹک کے تھیلوں پر مکمل پابندی کا اعلان، اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 9 اگست 2019
شاپنگ بیگز پر پابندی کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا، مرتضیٰ وہاب، مشیر ماحولیات اور وزرا نے عوام میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کیے
 فوٹو فائل

شاپنگ بیگز پر پابندی کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا، مرتضیٰ وہاب، مشیر ماحولیات اور وزرا نے عوام میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کیے فوٹو فائل

کراچی:  محکمہ ماحولیات سندھ نے پلاسٹک کی تھیلوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کر دیا جب کہ پابندی کا اطلاق رواں برس یکم اکتوبر سے ہوگا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں پلاسٹک کی تھیلوں ( شاپنگ بیگز) بند کروانے کا عزم کرلیا ہے، کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ انتظامیہ گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار مزید اچھا کام کرے گی، میں نے حیدرآباد میں حالیہ شدید بارشوں کے حوالے سے اجلاس بلاکر ضروری ہدایات دی تھیں اور یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں بھی ایک اجلاس منعقد کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس کے بینکیوٹ ہال میں زیبسٹ کے ٹیکنیکل پروگرام ’’ہنرمند سندھ۔خوشحال سندھ‘‘ کے تحت منعقدہ تربیتی پروگرام کی گریجویشن کی اسناد دینے کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ ممکنہ بارشوں کی صورت میں تمام ادارے فیلڈ میں ہوں گے اورعوام کو کم سے کم تکلیف کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کی ہماری بھرپور تیاری ہے اور انتظامیہ گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار مزید اچھا کام کرے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک میرے ماتحت نہیں، مگر میں پھر بھی شہر کے لوگوں کی زندگی سے ان کو کھیلنے کی اجازت نہیں دوں گا۔کچرے کو ٹھکانہ لگانے کا کام سندھ حکومت کا نہیں ہے ۔ جو ڈی ایم سیز اپنے علاقوں سے کچرا اٹھانا چاہتی ہے وہ سندھ حکومت کے ساتھ معاہدہ کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گورنر کی تعیناتی سے متعلق آئینی بحران وزیراعظم نے پیدا کیا ہے۔ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے قائم مقام گورنر بن جاتی تو کیا اسپیکر اجلاس کی صدارت کرتا؟ جو کسی صورت ٹھیک نہیں تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے پلاسٹک بیگز بند کروانے کا عزم کیا ہے اور دکاندار پلاسٹک بیگز میں اشیا ہرگز نہ دیں۔کپڑے کے یا کاغذ کے بیگز استعمال کریں۔

مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مویشی منڈی کی انتظامیہ سندھ حکومت یا بلدیاتی حکومت کے پاس نہیں ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ زیبسٹ کے تمام گریجویٹس کا تعلق میرے شہر سیہون سے ہے اور یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میرے اپنے شہر کے بچے اور بچیوں جو اس ملک کا مستقبل ہیں۔

محکمہ ماحولیات سندھ نے پلاسٹک کی تھیلوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کر دیا، پابندی کا اطلاق رواں برس یکم اکتوبر سے ہوگا۔ اس بات کا اعلان مشیر ماحولیات ، قانون ، ساحلی ترقی و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ناصر شاہ اور سعید غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ صوبے بھر میں پلاسٹک کی تھیلیوں کی تیاری، فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ محکمہ ماحولیات نے پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال کے سدباب کے لیے عوامی آگاہی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب اور دیگر صوبائی وزراء نے محکمہ ماحولیات کے تحت عوام میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کیے۔ شہریوں کی جانب سے محکمہ ماحولیات کی مہم کی پذیرائی کی گئی۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام اس آگاہی مہم میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے پلاسٹک کی تھیلیاں بنانے والے کارخانے داروں، دکانداروں ، سول سوسائٹی اور قومی میڈیا سے بھی تعاون کی اپیل کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔