چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے وزیر اعظم اور خورشید شاہ کی ملاقات بے نتیجہ ختم

ویب ڈیسک  جمعـء 20 ستمبر 2013
ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے چیئرمین نیب کیلئے کوئی نیا نام پیش نہیں کیا گیا۔   فوٹو: فائل

ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے چیئرمین نیب کیلئے کوئی نیا نام پیش نہیں کیا گیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیر اعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی ملاقات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے مختلف ناموں پرغور کیا گیا، ملاقات کے دوران سید خورشید شاہ نے چیئرمین نیب کے لئے جسٹس (ر) میاں محمد اجمل کا نام پیش کیا جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے کوئی نیا نام پیش نہیں کیا گیا، وزیر اعظم نے میاں محمد اجمل کے نام پر غور کے لئے خورشید شاہ سے کل تک کا وقت مانگا ہے جس کے بعد اب کل  دونوں رہنماؤں کے درمیان دوبارہ ملاقات ہوگی۔

اس سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پہلے بھی کئی بار مختلف ناموں پر مشاورت ہوچکی ہے لیکن اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری 13 ستمبر کو چیرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران  حکومت کو خبردار کرچکے ہیں کہ اگر حکومت جلد ازجلد چیرمین نیب کی تقرری نہیں کرتی تو پھر سنگین نتائج بھگتنے کے لئے بھی تیار ہوجائے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو کوئی نام اچھا لگتا ہے یا نہیں ہمیں اس سے مطلب نہیں ہمیں قانون کو دیکھنا ہے، نیب کی غیر فعالیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرپش کا خاتمہ حکومت کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔