قومی کرکٹرز کا ہاشم آملہ کو ریٹائرمنٹ پر زبردست خراج عقیدت

میاں اصغر سلیمی  جمعـء 9 اگست 2019
ہاشم آملہ ہمارے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے، بابراعظم

ہاشم آملہ ہمارے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے، بابراعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

سابق قومی کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہاشم آملہ کا انٹرنیشنل کیریئر شاندار رہا، حقیقی معنوں میں بہترین کرکٹر اور عظیم انسان ہیں، شائقین کو ان کی کمی ہمیشہ محسوس رہے گی۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کر کے آملہ نے سب کو حیران کر دیا ہے، وہ کرکٹ کے بہترین سفیر اور ممتاز کھلاڑی تھے، میری ان کے لئے نیک خواہشات ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ وہ اچھے کھلاڑی ہونے کے ساتھ بہترین انسان کے طور پر بھی ہمیشہ یاد رہیں گے، وہ نوجوان کرکٹر کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہاشم آملہ گراؤنڈ کے اندر اور باہر ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے، ان کے لئے نیک خواہشات رکھتا ہوں-

پیسر حسن علی نے کہا کہ شاندار انٹرنیشنل کیریئر پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، یقینی طور پر دنیا کرکٹ انہیں یاد کرے گی، میری نیک خواہشات ہاشم آملہ کے ساتھ ہے ۔

یاد رہے کہ ہاشم آملہ نے جمعرات کو 15 سال تک عالمی کرکٹ کھیلنے کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا،  انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 124 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 46.64 کی ایوریج سے 9 ہزار 282 رنز بنائے جو جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ ہاشم آملہ نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 178 ون ڈے میچز کھیلے اور حالیہ ورلڈ کپ میں 8 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1277 رنز بنائے، ہاشم آملہ نے عالمی کرکٹ سے تو ریٹائرمنٹ لے لی ہے لیکن وہ مختلف لیگز کھیلتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔