بھارتی گینگسٹر اور خاتون پولیس اہلکار کی محبت شادی میں تبدیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
پیشی کے دوران عدالت میں دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھی ۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

پیشی کے دوران عدالت میں دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھی ۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

گریٹر نوئیڈا: بھارتی ریاست اترپردیش میں جرائم کے بادشاہ راہول تھسرانا اور خاتون پولیس اہلکار نے طویل رفاقت کے بعد نامعلوم مقام پر شادی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گریٹر نوئیڈا کے بدنام زمانہ گینگسٹر 30 سالہ راہول تھسرانا نامعلوم مقام پر خاتون پولیس اہلکار پائل کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔ تقریب میں گینگ کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئیں۔

راہول اور پائل کی پہلی ملاقات سورج پور کورٹ میں ہوئی تھی جہاں راہول کو ایک تاجر کے قتل کیس میں پیشی کے لیے لایا جاتا تھا اور پائل کی ڈیوٹی بھی اسی عدالت میں تھی جہاں دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھی۔

راہول تھسرانا کو 2014ء میں ایک تاجر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جسے اس نے بھتہ نہ دینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا تھا تاہم تین سال بعد وہ ضمانت پر رہا ہوگیا تھا اور تاحال مفرور ہے۔

پائل بھی اپنے گھر سے غائب ہے اور تھانے سے بھی غیر حاضر ہے جب کہ پولیس نے شادی کی اطلاع پر راہول تھسرانا کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔