بالی ووڈ سپراسٹار قادر خان کو دلیپ کمار نے متعارف کرایا

کلچرل رپورٹر  ہفتہ 21 ستمبر 2013
قادر خان کو بولی ووڈ فلم انڈسٹری میں بے حدعزت اور احترام دیا جاتا ہے، وہ کم گو اور نرم مزاج کے طور پر مشہور ہیں۔ فوٹو: فائل

قادر خان کو بولی ووڈ فلم انڈسٹری میں بے حدعزت اور احترام دیا جاتا ہے، وہ کم گو اور نرم مزاج کے طور پر مشہور ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: بہت کم ایسے لوگ ہوں گے جن میں اﷲنے اس قدر خداداد صلاحیتوں سے نوزا ہے کہ جس شعبہ میں کام کرتے ہیں اپنے آپ کو منوانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

قادر خان کا شمار بھی ان بولی ووڈ فنکاروں میں ہوتا ہے کہ جنھوں نے فلم انڈسٹری میں بطور ایکٹر، کامیڈین، ڈائریکٹر،اسکرپٹ رائٹر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ ایک ایسے فنکار ہیں جو ہر کردار میں اپنے آپ کو ڈھالنے کا فن جانتے ہیں،انھوں نے بولی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں سے نہ صرف منوایا بلکہ ثابت کیا کہ وہ ہر شعبہ میں کام کرنے کا فن جانتے ہیں، قادر خان کو بولی ووڈ فلم انڈسٹری میں بے حدعزت اور احترام دیا جاتا ہے، وہ کم گو اور نرم مزاج کے طور پر مشہور ہیں۔ 22اکتوبر1935 میں پشین بلوچستان میں پیدا ہونے والے قادر خان پٹھان فیملی سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی روایات پر سختی سے عمل کرتے ہیں ، انھوں نے اسماعیل یوسف کالج بلوچستان سے گریجویشن کیا۔

فلم انڈسٹری میں آنے سے قبل وہ اسی کالج میں سول انجینئرنگ کے استاد کے طور کام کرتے رہے، کالج میں تعلیم کے دوران وہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیتے رہے کالج کے سالانہ فنکشن میں ان کی بہترین اداکاری سے وہاں موجود لوگ بے محضوض ہوئے جب کہ ان کی بہترین اداکاری کے چرچے برصغیر کے نامور اداکار دلیپ کمار تک پہنچے تو انھوں نے قادر خان کو بھارت آنے کی دعوت دی اور فوری طور پر انھیں دو فلموں میں کام دلوایا، قادر خان نے اپنے فلمی کیرئیر میں 450 فلموں میں کام کیا جب کہ250 فلموں کے مکالمے تحریر کیے۔

انھوں نے فیروز خان، امیتابھ بچن،گوندا اور ڈیوڈ ڈھون کے ساتھ بہت زیادہ کام کیا،جب کہ شکتی کپور اور جانی لیور کے ساتھ انھوں نے متعدد فلموں میں مزاحیہ اداکاری کا مظاہرہ کیا، انھوں نے زیادہ تر فلموں میں بطور معاون اداکار کام کیا مکالمہ نگار اور ادکار کی حیثیت سے ان کی مشہور فلموں میں گنگا جمنا سرسوتی، قلی دیش پریمی، لاوارث، سہاگ، مقدر کا سکندر، پرورش، امر اکبر انتھونی،ستے پہ ستا، اگنی پتھ، قابل ذکر ہیں،جب کہ ان کی سپر ہٹ فلموں میں جن کے مکالمے مشہور ہوئے ان میں ہمت والا، قلی نمبر ون، میں کھلاڑی تو اناڑی، قانون اپنا اپنا، خون بھری مانگ، کرما، سلطنت، سرفروش، دھرم ویر جب کہ نئی فلموں میں مجھ سے شادی کرو گی، لکی فیملی قابل ذکر ہیں۔

ٹیلی ویژن پر انھوں نے اسٹار پلس کا شو ’’ہنسنا مت‘‘ سہارا ون سے کامیڈی ڈرامہ سیریز’’ ہائے پڑوسی کرلے دوستی‘‘ بے حد پسند کی گئی،قادر خان کے صاحبزادے سرفراز خان، شاہنواز خان، ہیں جب کہ ان کے بیٹے سرفراز خان نے کئی فلموں میں کام کیا ان کی فیملی ہالینڈ اور کینڈا میں رہائش پزیرہے جب کہ وہ خود ممبئی میں رہتے ہیں،قادر خان کی فلموں کی ایک طویل فہرست ہے،انھوں نے جو بھی کردار ادا کیے وہ آج بھی ان کی پہچان ہیں وہ ان دنوں بھی متعدد فلموں میں کام کررہے ہیں اور بہت سی فلموں کی کہانیاں اور مکالمے لکھنے میں مصروف ہیں ان کا کہنا ہے کہ جب تک ہمت ہے کام کرتا رہوں گا کیونکہ کام کرنے سے ہی میری توانائی میں اضافہ ہوتا ہے، میں ہمیشہ اپنے آپ کو چاق وچوبند محسوس کرتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔