نکاح سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار، ٹیچنگ اسپتالوں میں ٹیسٹ مفت ہوگا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 ستمبر 2013
شادی سے قبل تھیلیسیمیاکے ٹیسٹ لازمی کرائیں ،سینیٹر عبدالحسیب خان،سرکاری اسپتالوں میں 7 تھیلیسیمیا سینٹرز کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کردی گئی فوٹو: فائل

شادی سے قبل تھیلیسیمیاکے ٹیسٹ لازمی کرائیں ،سینیٹر عبدالحسیب خان،سرکاری اسپتالوں میں 7 تھیلیسیمیا سینٹرز کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کردی گئی فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں شادی سے قبل تھیلیسیمیاکے ٹیسٹ کو لازمی قراردے دیاگیا، ڈاؤیونیورسٹی میں ٹیسٹ کی سہولت میسر ہوگی۔

جبکہ صوبے کے تمام ٹیچنگ اسپتالوں میں تشخیصی سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی، نکاح خواں ٹیسٹ رپورٹ دیکھنے کے بعد نکاح پڑھانے کا پابند ہوگا ، خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا ، تفصیلات کے مطابق سندھ میں تھیلیسیمیا کے مرض کی روک تھام پر کی جانے والی قانون سازی کے بعد سندھ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں اس مرض کا سدباب کیا جا سکے گا ، سندھ میں تھیلیسیمیا کی ہولناک صورتحال اور اس کا شکار ہونے والوں بچوں کی روک تھام کے لیے شادی سے قبل ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کیلیے سینیٹر عبدالحسیب نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے بھی متعدد ملاقاتیں کی تھیں اور تجاویز دیں تھیں۔

گورنر سندھ نے 8 مئی 2013 کو صوبے میں تھیلیسیمیا پریونشن آرڈیننس جاری کیا تھا جوگزشتہ روز سندھ اسمبلی نے منظور کیا ، تھیلیسیمیا کے حوالے سے محکمہ صحت ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کرے گا ، محکمہ صحت کے افسرکے مطابق کراچی کے سول اسپتال سمیت صوبے کے تمام ٹیچنگ اسپتالوں میں شادی سے قبل اور بچوں کے تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ کی مفت سہولتیں میسر ہوگی جبکہ اندرون سندھ میں ضلعی اور تعلقہ سطح پر بھی بلامعاوضہ سہولتیں فراہم کی جائیںگی، دریں اثنا سینیٹر عبدالحسیب نے قانون سازی کے حوالے سے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہوگیا۔

جہاں شادی سے قبل تھیلیسیمیاکے ٹیسٹ کرانے کیلیے قانون سازی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ، انھوں نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں شدید پیچیدگیوں، دشواریوں اور بعض کی مخالفت کے باوجود سندھ میں اس مرض کے خاتمے کیلیے قانون سازی کا عمل مکمل کیاگیا جس پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی بھی کاوشیں شامل ہیں ، انھوں نے کہا کہ اب کوئی بچہ یہ مرض لیکر پیدا نہیں ہوگا ، ضرورت اس امر کی ہے کہ قانون سازی پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے انھوں نے عوام سے بھی کہا ہے کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ لازمی کرائیں تاکہ اس دنیا میں آنیوالے بچے اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں ۔

عمیرثناء فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے سینیٹر عبدالحسیب خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کوقانون سازی پر خراج تحسین پیش کیا ،انھوں نے کہاکہ آج رنگون والا ہال میں ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر عبدالقدیر خان تھیلیسیمیا کے بچوں کے ساتھ قانون سازی پر یوم تشکر منائیں گے، انھوں نے اراکین سندھ اسمبلی کو بھی مبارکباد دی جنھوں نے بل کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا ، واضح رہے کہ اب شادی سے قبل دلہا اوردلہن کے تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ کرانا لازمی ہوں گے، ٹیسٹ کی رپورٹ نکاح نامے کے ساتھ منسلک کرنا بھی لازمی ہوگی، دریں اثنا حکومت سندھ کراچی سے سکھر تک کے سرکاری اسپتالوں میں 7 تھیلیسیمیا سینٹرز کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کردی گئی،غیرسرکاری طور پر چلنے والے تھیلیسیمیا اداروںکو اپنے بجٹ کا دسواں حصہ تھیلیسیمیا سے بچاؤکی مہم پربھی خرچ کرنا ہوگا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔