بیٹسمینوں نے مایوس کیا، بولنگ مثبت رہی، مصباح الحق

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 21 ستمبر 2013
147 کا ہدف مشکل نہیں تھا، کھلاڑی اچھا کھیل پیش نہیں کرپائے، لاہیرو تھریمانے   فوٹو: سی ایل ٹی ٹوئنٹی/فائل

147 کا ہدف مشکل نہیں تھا، کھلاڑی اچھا کھیل پیش نہیں کرپائے، لاہیرو تھریمانے فوٹو: سی ایل ٹی ٹوئنٹی/فائل

موہالی: چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کے کوالیفائنگ مرحلے میں ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد فیصل آباد وولفز نے آخری مقابلے میں سری لنکن سائیڈ کنڈورتا میرونز کو 10 رنز سے ہرادیا۔

اس کامیابی کے ساتھ مصباح کے چہرے پر بھی خوشی لوٹ آئی، اس مقابلے میں بھی ان کے علاوہ دیگر بیٹسمینوں کی کارکردگی خاص نہیں رہی البتہ ان کے بولرز نے 146 رنز کے دفاع میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ بنائے رکھا، مصباح کو 93 کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، مقابلے کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل آباد کے کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم کو اختتام پر کچھ خوشی منانے کا موقع ملا، ہم نے اپنی بہت سی غلطیوں کو درست کرتے ہوئے کنڈورتا میرونز کیخلاف بہتر کھیل پیش کیا، اس سے ہمیں مستقبل میں بہتر پرفارم کرنے کیلیے اعتماد میسر آیا ہے، ہمیں بیٹسمینوں نے مایوس کیا لیکن اس مقابلے میں بولنگ ہمارا مثبت پہلو رہی۔

خصوصاً ہمارے اسپنرز نے جس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا وہ قابل ستائش ہے، اس کے علاوہ سمیع اللہ اور اسد نے بھی لائن و لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے حریف بیٹسمینوں کو دباؤ میں رکھا، اسی طرح احسان عادل یکے بعد دیگرے دو وکٹیں لیکر ہمیں کھیل میں واپس لانے میں کامیاب رہے، دوسری جانب شکست خوردہ سائیڈ کے کپتان لاہیرو تھریمانے کا کہنا تھا کہ ہم اپنی صلاحیت کے مطابق کھیل پیش نہیں کر پائے، ہمیں اس مقابلے کو جیتنے کا بہت اچھا موقع ملا لیکن ہم اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھاپائے، ہمیں اس سطح پر تواتر سے پرفارمنس دینے کی ضرورت ہے، 147 کا ہدف حاصل کرنا ممکن تھا لیکن ہمارے بیٹسمین آج اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔