قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی نوجوان شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
نوجوانوں کی شہادت اسرائیلی سرحد کے نزدیک ہوئی فوٹو:فائل

نوجوانوں کی شہادت اسرائیلی سرحد کے نزدیک ہوئی فوٹو:فائل

 غزہ: قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں کے مطابق غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا، نوجوانوں کی شہادت اسرائیلی سرحد کے نزدیک ہوئی۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کو لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم میتوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا گیا ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے 4 نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے اہلکار 4 نوجوانوں کی خون میں لت پت لاشیں لائے تھے، نوجوانوں کو بروقت اسپتال منتقل کیا جاتا تو چند ایک کو بچایا جا سکتا تھا۔ لاشیں تاحال مردہ خانے میں موجود ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ غزہ کی پٹی سے اسرائیلی سرحد میں داخل ہونے والے مسلح افراد کو مقابلے میں مارا ہے، حملہ آور نوجوانوں کے قبضے سے رائفلز، اینٹی ٹینک میزائل اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔

فلسطینی نوجوانوں کے لواحقین نے قابض اسرائیلی فوج کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ مقابلے میں اسرائیلی فوج کے اہلکاروں کو خراش تک نہیں آئی۔ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی کارروائی میں فلسطینی نوجوانوں کی شہادت معمول کی بات بن گئی ہے۔

نوجوانوں کی شہادت کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے جس سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔