چین میں طوفان لکیما نے تباہی مچادی، 18 افراد ہلاک متعدد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
طاقت ور طوفان سے درخت گرگئے، لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور بجلی معطل ہوگئی۔ فوٹو:چینی میڈیا

طاقت ور طوفان سے درخت گرگئے، لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور بجلی معطل ہوگئی۔ فوٹو:چینی میڈیا

شنگھائی: طاقت ور طوفان لکیما تائیوان سے ہوتا ہوا اب چین کے ساحلی علاقے سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 16 افراد لاپتہ ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں لکیما طوفان کی 116 میل فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے سامنے آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف واقعات میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈیم ٹوٹنے سے کئی دیہات زیرآب آگئے۔

China Lekima Typhoon 5

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے شنگھائی اور ژی جیانگ سے بالترتیب ڈھائی لاکھ اور 8 لاکھ شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جہاں 100 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا ہے۔ 16 افراد لاپتہ ہیں۔

China Lekima Typhoon 3

لکیما طوفان سے قبل چین میں زلزے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے تھے، طوفانی ہواؤں کے باعث ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن ٹوٹ کر گر گئی جس کی وجہ سے 20 لاکھ 70 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی۔

China Lekima Typhoon 4

طوفان کا زور آہستہ آہستہ ٹوٹتا جا رہا ہے تاہم اب بھی تیز ہواؤں کا جھکڑ دوسرے شہروں کی جانب بڑھ رہا ہے، ہزار سے زائد پروازیں معطل کردی گئی ہیں اور ٹرین سروس بھی بند کردی گئی ہے۔

China Lekima Typhoon 2

واضح رہے کہ چین میں رواں برس کا یہ نواں طوفان ہے جو سب سے طاقت ور ہے جس کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا تاہم طوفان کا زور ٹوٹ جانے کے باعث صرف ’اورنج لیول‘ الرٹ برقرار رکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔