مغوی ڈاکٹر10 گھنٹے بعد بازیاب، سابق ملازم گرفتار

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 21 ستمبر 2013
 سوئی سدرن گیس کمپنی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مرلی داس کو جمعہ کی صبح کار سمیت اغوا کیا گیاتھا۔ فوٹو: فائل

سوئی سدرن گیس کمپنی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مرلی داس کو جمعہ کی صبح کار سمیت اغوا کیا گیاتھا۔ فوٹو: فائل

حیدر آباد:  حیدرآباد پولیس نے صرف10 گھنٹے میں ہی تاوان کے لیے اغوا کیے گئے ہندو ڈاکٹر کو بازیاب کراکر اس کے سابق ملازم کو گرفتار کر لیا۔

اغوا میں ملوث3 ملزمان فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے تھانہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مرلی داس کو جمعہ کی صبح کار سمیت اغوا کیا گیا۔ کار بعد ازاں جامشورو روڈ سے مل گئی ، اہل خانہ کو نامعلوم فون نمبر سے ڈاکٹر کے اغوا اور رہائی کیلیے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کیلیے کال موصول ہوئی جس کی اطلاع فوری طور پولیس کو دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اے ایس پی عمر طفیل اور ایس ایچ او اعجاز لاکھو نے مغوی کے اہل خانہ سے تفتیش کی، پولیس نے مرلی داس کے سابق گھریلو ملازم محمد بخش جونیجو کی گرفتاری کیلیے قاسم آبادمیں اس کے گھر چھاپہ مارا ، اس دوران دوسرے گھر سے پولیس پر فائرنگ شروع ہوگئی۔

جوابی فائرنگ اور تلاشی کے بعد مغوی ڈاکٹر کو بازیاب کرا لیا گیا ۔ محمدبخش دوران تفتیش پولیس کے سامنے پھٹ پڑا اور اعتراف کیا کہ ڈاکٹر مرلی داس کے اغوا میں دیگر3 ملزمان شریک تھے،اس نے اغواکاروں کو صرف ڈاکٹر کی نقل وحرکت سے متعلق اطلاعات فراہم کی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔