تنزانیہ میں آئل ٹینکر دھماکے میں 60 افراد ہلاک اور 70 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
ہلاک ہونے والوں میں آئل ٹینکر سے بہنے والے پٹرول کو جمع کرنے والے شامل ہیں۔ فوٹو : ٹویٹر

ہلاک ہونے والوں میں آئل ٹینکر سے بہنے والے پٹرول کو جمع کرنے والے شامل ہیں۔ فوٹو : ٹویٹر

ڈوڈوما: تنزانیہ میں سڑک پر گرے آئل ٹینکر سے مقامی رہائشی پٹرول جمع کر رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا اور آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تنزانیہ میں موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے ایک آئل ٹینکر الٹ کر مصروف شاہراہ پر گرگیا اور آئل ٹینکر سے پٹرول بہنا شروع ہو گیا، مقامی افراد گھر سے برتن لے آئے اور پٹرول جمع کرنے لگے کہ اسی دوران خوفناک دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اُٹھ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی رہائشی آئل ٹینکر سے بہنے والا پٹرول جمع کر رہے تھے کہ اسی دوران کسی نے سگریٹ سلگانے کے لیے ماچس جلائی تو خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کی زد میں آکر آئل ٹینکر بھی پھٹ گیا جس سے تباہی میں اضافہ ہوا، واقعے میں 60 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر آئل ٹینکر سے پٹرول لینے والے مقامی رہائشی شامل ہیں اس کے علاوہ دھماکے کے وقت قریب سے گزرنے والے کار اور موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔ درجنوں موٹر سائیکلیں اور کاریں جل کر راکھ کا ڈھیر ہوگئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔