اسکواش؛ ناصر اقبال بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 ستمبر 2013
ٹاپ سیڈ کو سیمی فائنل میں پچھاڑنے والے فرحان زماں کی فائنل میں رسائی، ٹرافی کے لیے طیب اسلم سے مقابلہ ہوگا، شیخ ثاقب بھی ہارگئے۔ فوٹو: فائل

ٹاپ سیڈ کو سیمی فائنل میں پچھاڑنے والے فرحان زماں کی فائنل میں رسائی، ٹرافی کے لیے طیب اسلم سے مقابلہ ہوگا، شیخ ثاقب بھی ہارگئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی اے ایف کے سیڈ 4 فرحان زماں ایک زبردست مقابلے کے بعد ٹاپ سیڈ ناصراقبال(واپڈا) کو 3-2 سے اپ سیٹ شکست دے کر 7ویں ڈی جی رینجرزسندھ اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کے فائنل میں پہنچ گئے۔

جہاں اتوار کو ان کا مقابلہ سیڈ 7 پنجاب کے طیب اسلم سے ہوگا جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب ہی کے سیڈ 6 شیخ ثاقب کو سخت جدوجہد کے بعد3-2 سے مات دی، چیمپئن شپ کے ویمنز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈثمر انجم نے سیڈ 4 روشنا محبوب کو ہرا دیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سیڈ 3 مقدس اشرف نے قومی ویمن چیمپئن اور سیڈ 2 زوہا خالد کواپ سیٹ شکست سے ہمکنار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے تحت سندھ رینجرز جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں ہونے والی 13 ہزار ڈالرز کی اس چیمپئن شپ میں مینز سنگلز کے دونوں سیمی فائنل مقابلے انتہائی دلچسپ رہے، 10 ہزار ڈالرز کے اس ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں فرحان زمان نے ٹاپ سیڈ ناصر اقبال کے خلاف پہلا گیم 2-11 اور دوسرا گیم 3-11 سے ہار جانے کے بعد بہترین اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے زیادہ تجربہ کار انٹر نیشنل کھلاڑی ناصر کے خلاف اگلے تینوں گیم 11-6، 11-3 اور11-9 سے جیت کر فائنل میں کھیلنے کی راہ ہموار کرلی۔

یہ میچ 58 منٹ تک جاری رہا، دوسرا سیمی فائنل مزید سنسنی خیز رہا،کوارٹر فائنل میں قومی چیمپئن اورسیکنڈ سیڈڈ عامر اطلس خان(واپڈا) کو اپ سیٹ شکست دینے والے سیڈ 6 پنجاب کے ثاقب شیخ نے اپنے حریف سیڈ 7 پنجاب ہی کے طیب اسلم کے خلاف انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا لیکن کوارٹر فائنل میں عامر اطلس کے چھوٹے بھائی اور سیڈ 3 دانش اطلس کو ہرا کر اپ سیٹ کرنے والے طیب اسلم نے ایک اور اپ سیٹ کردیا، انہوں نے 103 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میںاپنے حریف  کے خلاف 13-11، 7-11، 11-9، 11-13 اور 11-9 سے کامیابی پائی۔

چیمپئن شپ میں 3 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کے ویمنز سنگلز ایونٹ میں واپڈا کی سیڈ 3 مقدس اشرف نے قومی ویمن چیمپئن اور سیکنڈ سیڈڈ زوہا خالد (زیڈ ٹی بی ایل) کو سیمی فائنل میں باآسانی شکست دے کر خواتین کا واحداپ سیٹ کیا، مقدس نے قومی چیمپئن کو 34 منٹ کے مقابلے میں 11-8، 14-12 اور 11-8 سے قابو کر کے فائنل کا راستہ بنایا، دوسرے سیمی فائنل میں کامیابی کے لیے ٹاپ سیڈ پنجاب کی ثمر انجم کوروشنا محبوب(زیڈ ٹی بی ایل) کو زیر کرنے کے لیے ایک گیم کی قربانی دینا پڑی، زوہا نے 45 منٹ کی جدوجہد میں پہلا گیم 9-11 سے ہارنے کے بعد اگلے تینوں گیم11-6، 11-5 اور 11-3 سے جیت کر فتح اپنے نام کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔