یورو فٹبال 2020؛ 32 ممالک نے میزبان بننے میں دلچسپی ظاہر کردی

اے ایف پی  ہفتہ 21 ستمبر 2013
حتمی فیصلہ ستمبر2014 میں ہوگا، استنبول بھی امیدواروں میں شامل۔ فوٹو: فائل

حتمی فیصلہ ستمبر2014 میں ہوگا، استنبول بھی امیدواروں میں شامل۔ فوٹو: فائل

ڈبرووینک / کروشیا: 2020 میں پہلی مرتبہ براعظم کے مختلف ممالک میں منعقد کی جانے والی یوروفٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی حاصل کرنے کیلیے 32 ممالک نے دلچسپی ظاہر کردی۔

آٹھ برس بعد یورپین ایونٹ 13 مختلف وینیوز پر کھیلا جائیگا، یوئیفا سیکریٹری جنرل گیانینی انفانٹینو نے کہا کہ ایونٹ کے میچز کی میزبانی کے خواہشمند ممالک کی ایسوسی ایشنز آئندہ برس 25 اپریل تک اپنی پریزینٹیشن جمع کراسکتی ہیں، جس کے بعد ستمبر2014 میں ہی یوئیفا کامیاب شہروں کا اعلان کردے گی، ایک شہر کو سیمی فائنلز اور فائنل مل سکتے ہیں جبکہ چار کوارٹر فائنلز کے لیے دیگر شہروں کو موقع ملے گا۔

2016 کا ایڈیشن فرانس میں منعقد ہوگا جس میں 24 ممالک حصہ لیں گے جبکہ اس سے قبل 2012 میں منعقدہ یورو فٹبال چیمپئن شپ میں 16 ٹیموں کو شامل کیا گیا تھا، جس کا انعقاد یوکرین اور پولینڈ میں مشترکہ طور پر کیا گیا تھا۔ 2020 ایڈیشن میں ایک ملک دو شہروں کو میزبان بنانے کی بھی پیشکش دے سکتا ہے۔

اس موقع پر یوئیفا چیف مائیکل پلاٹینی نے کہا کہ ہمیں ایونٹ کی میزبانی پانے میں ممبر ممالک کی بھرپور دلچسپی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، ہمارے نصف سے زائد ممبران ایونٹ کا میزبان بننا چاہتے ہیں، ایونٹ کیلیے لندن، گلاسگو، ڈبلن، کارڈف، میڈرڈ، میونخ، روم، ایمسٹرڈم ، لیون، برسلز، یروشلم اور استنبول بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔