پاکستان اور چین نے مسئلہ کشمیر پر فوکل پرسن نامزد کر دیے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
چین نے  ہماری امیدوں کے مطابق ردعمل دیا ہے، شاہ محمود قریشی، فوٹو: فائل

چین نے ہماری امیدوں کے مطابق ردعمل دیا ہے، شاہ محمود قریشی، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہمارے موقف کی تائید کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں بھی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

دورہ چین سے متعلق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کا دورہ بروقت اورمفید رہا جس میں چین کے وزیرخارجہ اوردیگراعلیٰ حکام سے ملاقات کی، چینی وزیر خارجہ نےمقبوضہ جموں وکشمیرسے متعلق ہماری معروضات کو توجہ سے سنا پھر چین نے جو رسپانس دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کوآگاہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکو سیکیورٹی کونسل لے جانا چاہتا ہے جس کے لیے سیکیورٹی کونسل میں آپ کی مدد درکارہے، چین نے سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا، چین نے اپنے نیویارک میں نمائندہ کو پاکستانی نمائندے سے رابطے کی ہدایت کی جب کہ چین اور پاکستان نے ڈی جی سطح پر ایک ایک فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا ہے، چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی حکام مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں  مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔