بھارت میں مٹی کا تودہ ایک خاندان پر گرنے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
موسم کی خرابی اور مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو : فائل

موسم کی خرابی اور مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو : فائل

کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ میں سڑک سے گزرنے والے خاندان پر بلند پہاڑ سے ٹنوں من وزنی مٹی کا تودہ آن گرا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک شخص اپنی بیوی، بچوں اور والدہ کے ہمراہ بارش سے متاثرہ علاقے سے محفوظ مقام کی جانب پیدل جا رہا تھا کہ اچانک پہاڑ کا بڑا حصہ مٹی کے تودے کی شکل میں اُن پر آن گرا۔

مٹی کا تودہ گرنے کے باعث مذکورہ شخص نے تو بھاگ کر جان بچالی تاہم اس کی والدہ چشم زدن میں مٹی تودے کے ملبے تلے دب گئیں۔ زندہ بچ جانے والے شخص کی اہلیہ اور بچے بھی لینڈ سلائیڈنگ میں دب گئے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے تاہم موسم کی خرابی اور مسلسل ہونے والی بارشوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث ملبے تلے دبے افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات معدوم ہوتے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ کیرالہ میں 3 روز سے جاری مون سون بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جس میں اب تک 45 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔