اسرائیل آبنائے ہرمز میں امریکا کا اتحادی بننے سے باز رہے، ایران کی دھمکی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2019
اسرائیل نے آبنائے ہرمز میں امریکی مشن کا حصہ بننے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو : فائل

اسرائیل نے آبنائے ہرمز میں امریکی مشن کا حصہ بننے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو : فائل

تہران: ایران نے اسرائیل کو آبنائے ہرمز میں امریکی مشن کا حصہ بننے سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ملکی سلامتی پر سودے بازی کی جائے گی اور نہ کسی کو رعایت دی جائے گی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آبناے ہرمز سے تیل کی بلاتعطل اور محفوظ سپلائی کے لیے امریکا کی سربراہی میں ایک عالمی اتحاد تشکیل دیا جارہا ہے جس میں شمولیت کے لیے مبینہ طور پر اسرائیل نے بھی ہامی بھرلی ہے تاہم اسرائیل نے سرکاری سطح پر اس بات کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

یہ پڑھیں : یران نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے اسرائیل کے امریکی اتحاد کا حصہ بننے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ بات درست ہے تو ایران اسرائیلی اقدام کو ملکی تحفظ، سلامتی اور خود مختاری کے لیے دھمکی تصور کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : یران نے ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

ترجمان عباس موسوی نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایسی مذموم کوشش کی تو کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، ملکی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی مفادات اور خلیجی ممالک سے آنے والے تیل بردار بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے صدر ٹرمپ کی تجویز پر یورپی ممالک سمیت دیگر عالمی قوتوں پر مشتمل عالمی فوجی اتحاد بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔