سخت آپریشن کے بغیر کراچی میں امن خواب ہی رہیگا، منور حسن

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 21 ستمبر 2013
حکمراں بھارت دوستی کاراگ الا پنا بند کردیں، طالبان مذاکرات کیلیے ماحول سازگار بنایا جائے۔ فوٹو: فائل

حکمراں بھارت دوستی کاراگ الا پنا بند کردیں، طالبان مذاکرات کیلیے ماحول سازگار بنایا جائے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیدمنورحسن نے کہاہے کہ چیف جسٹس کے ریمارکس کہ ’’ بھارت، اسرائیل، امریکا اور نیٹو کا اسلحہ کراچی آرہا ہے‘‘ چشم کشا ہیں۔

حکومت اور اس کی ایجنسیاں کہاں سورہی ہیں۔ کراچی غیر قانونی اسلحے کی آماجگاہ بن چکا ہے جب تک یہ اسلحہ برآمد نہیں ہوتا، کراچی میں امن ایک خواب ہی رہے گا۔ حکمران بھارت سے دوستی کا راگ الاپنا بند کر دیں، جاری ریلز کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ کراچی میں ایک طرف قاتلوں، بھتہ خوروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے دوسری طرف قتل وغارت گری بھی جاری ہے۔

جب تک حکومت بلاتفریق اور کسی پارٹی کا دباؤ قبول کیے بغیر سخت آپریشن نہیں کرتی اورمجرموں پر سخت ہاتھ نہیں ڈالتی ، کراچی میں امن قائم ہوسکتا ہے نہ بھتہ خوری ختم ہوسکتی ہے۔ حکومت اس وقت دباؤ میں ہے۔ منور حسن نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے اے پی سی کے متفقہ فیصلے کو سابقہ دور میں پارلیمنٹ کی مشترکہ قراردادوں کی طرح ردی کی ٹوکری میں ڈالنے اور امریکی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش نہ کی جائے۔ نواز شریف کو پڑوسیوں میں صرف بھارت نظر آتا ہے، ہماری سوچوں کا مرکز و محور صرف امریکا رہ گیا ہے جسے وہ پسند کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔