پیپلزپارٹی کسی جرائم پیشہ شخص یا گروہ کو سپورٹ نہیں کرتی، شرمیلا فاروقی

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 21 ستمبر 2013
لیاری گینگسٹرز کو حب سے آصف آپریٹ کرتا ہے، ندیم خان: ’تکرار‘ میں عمران خان سے گفتگو فوٹو : فائل

لیاری گینگسٹرز کو حب سے آصف آپریٹ کرتا ہے، ندیم خان: ’تکرار‘ میں عمران خان سے گفتگو فوٹو : فائل

لاہور:  پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ ظفر بلوچ ہو یا کوئی اور جس کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

ثانیہ ناز کی تصاویر کی وضاحت تو وہ خود ہی دے سکتی ہیں، میں کسی کے ذاتی معاملات پر بات کرنا مناسب نہیں سمجھتی۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ایکسپریس نیوز پر ثانیہ ناز اور متعدد مقدمات میں مطلوب امین بلیدی کی جو تصاویر دکھائی گئی ہیں وہ مناسب نہیں ہیں، پیپلزپارٹی کسی بھی جرائم پیشہ گروہ یا شخص کو سپورٹ نہیں کرتی۔ ظفر بلوچ پہلے پیپلزپارٹی کے کارکن تھے پھر وہ بعض وجوہات کی بنا پر پارٹی چھوڑ گئے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ ظفر بلوچ کے بارے میں پیپلزپارٹی کنفیوز ہے اور پارٹی میں دوآراء ہیں۔

ظفر بلوچ پیپلزپارٹی کے ورکر تھے یا مجرم اس بارے میں کنفیوژن موجود ہے کیونکہ ظفر بلوچ کے سرکی قیمت لگائی گئی تھی۔ ایکسپریس نیوز کے رپورٹر ندیم خان نے کہاکہ لیاری کے تمام گینگسٹرز کو حب سے سردار آصف نامی شخص آپریٹ کرتا ہے جس نے کہا ہے کہ لیاری کی سردار ی بابالاڈلا کو سونپ دی گئی ہے اور لیاری کے متعدد گروپوں نے بابالاڈلا کی حمایت بھی کردی ہے اور یہ تمام گروپ جرائم پیشہ افراد پر مشتمل ہیں اور سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں، یہ اطلاع بھی ہے کہ بابالاڈلا گروپ اب ملانثار کو قتل کرنے کے درپے ہے جو عزیر بلوچ کے بعد لیاری کو ڈیل کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔