کراچی، فائرنگ سے اے این پی کا عہدیدار ہلاک، ٹارگٹڈ آپریشن جاری، 147 گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 ستمبر 2013
48 سالہ نذیرزادہ کوکنواری کالونی میں موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا،پراناگولیماربرج کے نیچے سے لاش ملی، دیگرواقعات میں 2افرادزخمی۔ فوٹو: فائل

48 سالہ نذیرزادہ کوکنواری کالونی میں موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا،پراناگولیماربرج کے نیچے سے لاش ملی، دیگرواقعات میں 2افرادزخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کا علاقائی عہدیدارہلاک ہوگیاجبکہ ایک شخص کی لاش ملی اور2زخمی ہوگئے.

دوسری جانب شہرمیں ٹارگٹڈ آپریشن بھی جاری ہے ،شہر سے مزید147ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرنے کادعویٰ کیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق منگھو پیرکنورای کالونی میں موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے48سالہ نذیرزادہ ہلاک ہوگیا،مقتول کی لاش عباسی شہیداسپتال پہنچائی گئی ،مقتول عوامی نیشنل پارٹی کاعہدیداراوراورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی کا رہائشی تھا۔اے این پی کے  ترجمان نے نذیر زادہ کے قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت واردات میں ملوث ملزمان کوفوری طور پر گرفتار کرے۔ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار برج کے نیچے سے50سالہ شخص پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا متوفی کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی۔

ملیر15ریلوے روڈپرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ حیدرزخمی ہو گیاجسے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔قصبہ کالونی کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے50سالہ ظفراﷲ زخمی ہو گیا۔پولیس نے مختلف تھانوں کی حدودمیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 84چھاپہ مار کاروائیوں میں مجموعی طور پر104ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے27 ہتھیاربرآمد کر لیے۔، ایس ایچ او نیو کراچی علی حسن نے نیو کراچی 5/J میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات میں ملوث2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پستول اورموٹرسائیکل برآمد کر لی ،گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعددوارداتوں میں ملوث ہیں۔

نیوکراچی صنعتی ایریا کے علاقے بشیر چوک کے قریب نامعلوم شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ، فیروز آباد کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جلال اور علی رضا زخمی ہوگئے، ناظم آباد کے علاقے بورڈ آفس کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زاہد حبیب زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ۔ رینجرز نے خفیہ اطلاع ملنے پر محمودآباد کے علاقے کشمیر کالونی میں چھاپہ مار کر مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے 2 نائن ایم ایم پستول ، 8 ایم ایم رائفل ، ریپیٹر گن ، پولیس کی وردی اور پولیس مونوگرام کی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایس پی کلفٹن سرفراز نواز کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران گزری پولیس نے پی این ٹی کالونی میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں شاہد اور عامر کو گرفتار کر کے اسلحہ ، 4 موبائل فون اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔