حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مختلف کوششوں کا آغاز کر دیا ہے، آرمی چیف

ویب ڈیسک  پير 12 اگست 2019
امن کی خواہش کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں، آرمی چیف۔ فوٹو : فائل

امن کی خواہش کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں، آرمی چیف۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے مختلف کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے سیکٹر باغ کا دورہ کیا اور عید فوجی جوانوں کے ساتھ منائی، آرمی چیف نے باغ سیکٹر میں عید کی نماز اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ ادا کی۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر کثیرالجہتی کاوشیں کی ہیں اور بحران کے حل کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، مسئلہ کشمیر ہمارے لیے ایسے ہی اہمیت رکھتا ہے جیسے امن کی خواہش، امن کی خواہش کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں اور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ  بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کا ہتھکنڈا استعمال کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے تاہم ہم ایسی کسی بھی بھارتی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور قربانیاں دیتے رہیں گے، بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے سنگین جرائم کی پردہ پوشی نہیں کرنے دیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے، سچ کے لیے استقامت اور قربانی بھی سکھاتا ہے، پاک فوج عید قرباں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر کے باسیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہی ہے، بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہٹا کر ایل او سی اور پاکستان پر مرکوز کرانا چاہتا ہے تاہم جتنا وقت، جتنی کاوشیں درکار ہوں کریں گے اور انشاء اللہ ہر چیلنج پر پورا اتریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔