کشمیر کا تشخص تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام کی مخالفت کرتے ہیں، چینی وزیر خارجہ

ویب ڈیسک  پير 12 اگست 2019
بھارتی آئین میں تبدیلی اور کشمیر کا تشخص تبدیل کرنا علاقائی کشیدگی کی وجہ بنا ہے، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی

بھارتی آئین میں تبدیلی اور کشمیر کا تشخص تبدیل کرنا علاقائی کشیدگی کی وجہ بنا ہے، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ کشمیر کا تشخص تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی پر گہری نظررکھے ہوئے ہیں، چین صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے یکطرفہ بھارتی اقدام کو تسلیم نہیں کرتا، پاکستان اور بھارت مسائل کا پرامن حل نکالیں جب کہ امید ہے بھارت خطے کے امن واستحکام کے لیے تعمیری کردارادا کرے گا۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کو کشمیر کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی پر شدید تشویش ہے، بھارت باہمی اعتماد کے لیے اقدامات کرے، بھارتی اقدام نے چین کی سالمیت اور مفادات کو نقصان پہنچایا، بھارتی آئین میں تبدیلی، کشمیر کا تشخص تبدیل کرنا علاقائی کشیدگی کی وجہ بنا ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تحفظ، امن وسلامتی کے لیے معاہدہ موجود ہے، سرحدی علاقوں میں غیر ضروری مداخلت نہیں چاہتے جب کہ کشمیر کا تشخص تبدیل کرنے کے اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔