بنوں میں میوزک بند نہ کرنے پر فائرنگ سے 4 افراد قتل

ویب ڈیسک  منگل 13 اگست 2019
ریسکیو کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس. فوٹو: فائل

ریسکیو کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس. فوٹو: فائل

بنوں: تھانہ میراخیل کی حدود میں بلند آواز میں میوزک لگانے پر 4 افراد کو قتل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بنوں کے علاقے اویس کالونی کوٹلہ عبداللہ خان میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے 4 افراد کو قتل کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ میراخیل کی حدود میں پیش آیا جہاں نصیب نامی شخص نے اپنے پڑوسی کو بلند آواز میں میوزک چلانے پر منع کیا لیکن پڑوسی کی جانب سے بات نہ ماننے پر دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں فریقین میں تلخ کلامی ہاتھا پائی تک جاپہنچی اور نصیب نامی شخص نے پڑوسی کے گھر گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجےمیں گھر میں موجود باپ، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے، جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر 6 افراد زخمی اور ایک راہ گیر بھی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم ملزم فرار ہوچکا تھا، پولیس نے ریسکیو کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے، جب کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

فائرنگ اونچی آواز سے میزک لگانے پر ہوئی، بند نہ کرنے پر پڑوسی نے گھر میں گھر کر فائرنگ کی پولیس

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔