بگ بیش کیلیے ’’ اسمارٹ بال ‘‘ کی تیاری، چپ نصب کردی گئی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 14 اگست 2019
اسمارٹ بال کی مدد سے امپائرنگ اور ڈی آر ایس میں بھی مدد لی جاسکے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اسمارٹ بال کی مدد سے امپائرنگ اور ڈی آر ایس میں بھی مدد لی جاسکے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ویلنگٹن: آسٹریلوی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کیلیے ’ اسمارٹ بال ‘ تیار کرلی گئی جس میں مائیکرو چپ نصب کی جائے گی۔

نئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ منفرد گیند آئندہ بگ بیش سیزن میں سامنے لائی جاسکتی ہے، کرکٹ میں ویسے ہی ٹیکنالوجی سے بھرپوراستفادہ کیا جارہا ہے۔

آسٹریلوی بال بنانے والی کمپنی ’ کوکا بورا ‘ جلد اس کی آزمائش کرکے اسے قابل استعمال بنانا چاہتی ہے، وہ اس کی جانچ کے اختتامی مراحل میں ہے، اس میں موجود چپ کی مدد سے گیند کراتے وقت اس کی اسپیڈ اور دیگر اعداد وشمار حاصل کیے جاسکیں گے، اسے کھیل میں انقلاب سے تصور کیا جارہا ہے۔

اسمارٹ بال کی مدد سے امپائرنگ اور ڈی آر ایس میں بھی مدد لی جاسکے گی، اس کے علاوہ اس سے متنازع کیچز میں بھی مدد مل پائے گی۔

سابق آسٹریلین پیسر مائیکل کاسپرووچ کی زیرسربراہی قائم ایک فرم بھی کوکابورا کے ساتھ اسمارٹ گیند کی تیاری میں پیش پیش ہے، مستقبل میں اسے دنیا کی دیگر لیگز میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔