مشرف دورمیں پیرول پررہا ہونے والے 70 ملزمان کا کوئی پتہ نہیں، منظور وسان

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 ستمبر 2013
سندھ میں جیلوں پر حملے کا خطرہ ہے، وزیر جیل خانہ جات فوٹو: فائل

سندھ میں جیلوں پر حملے کا خطرہ ہے، وزیر جیل خانہ جات فوٹو: فائل

کراچی: وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور احمد وسان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں پیرول پر رہا ہونے والے 70 ملزمان کا پتہ نہیں، خدشہ ہے کہ ان میں سے اکثر بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران منظوروسان کا کہنا تھا کہ سندھ کی 25 جیلوں میں 16 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں،جن میں کالعدم تنظیموں کے 221 اور 79 ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں جبکہ 27 قیدی سزائے موت پر عمل درآمد کے منتظر ہیں، امن و امان کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر سندھ کی 4 جیلیں انتہائی حساس ہیں اور وہاں حملے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جیلوں میں اضافی نفری کی تعیناتی اور نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 5 ہزار جیل اہلکاروں کو کمانڈوز کی تربیت دی جائے گی جبکہ حساس جیلوں کی دیواروں کو بم پروف بنانے کے انتظامات بھی کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیرجیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں سندھ کی جیلوں سے پیرول پر رہا کئے گئے 70 خطرناک قیدیوں کا گزشتہ 8 برسوں سے کوئی پتہ نہیں اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان ہی میں کچھ ملزم کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں جبکہ دیگر بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔