یقین سے کہتا ہوں ملک بہتری کی جانب گامزن ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

بزنس رپورٹر  بدھ 14 اگست 2019
پاکستان کی اقتصادی ٹیم ملک میں معاشی استحکام لارہی ہے جس کا کم آمدنی اور متوسط طبقے کو جلد فائدہ پہنچے گا، باقر رضا (فوٹو: فائل)

پاکستان کی اقتصادی ٹیم ملک میں معاشی استحکام لارہی ہے جس کا کم آمدنی اور متوسط طبقے کو جلد فائدہ پہنچے گا، باقر رضا (فوٹو: فائل)

 کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا نے کہا ہے کہ آج ملک کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے تاہم یہ بات یقینی ہے کہ ہم درست سمت میں آگئے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آج پاکستان مشکل صورتحال میں گھرا ہوا ہے اور معاشی میدان میں بھی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک اس وقت درست سمت میں گامزن ہے، مشکلات کے باوجود اسٹیٹ بینک نے ملکی معاشی معاملات کو ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، ایک قوم کی حیثیت سے ہم نے ہر مشکل کا مقابلہ کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ کڑا وقت بھی جلد ہی گزر جائے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آزادی کے وقت ہمیں یہ چیلنج درپیش تھا کہ ہمارے پاس کوئی مرکزی بینک نہیں تھا اور اسی مقصد کے لیے 1948ء میں اسٹیٹ بینک نے پہلا کرنسی نوٹ چھاپ کر اقتصادی سفر کا آغاز کیا، اس وقت لوگوں کا خیال تھا کہ یہ ناممکن ہے اور ہم کامیاب نہیں ہوسکیں گے تاہم پاکستان نے ایسا کر دکھایا اور قوم نے وہ مشکل وقت بھی گزار ہی لیا اور آج قوم کو پھر اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

باقر رضا نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر اسی سلسلے کو جاری رکھنا چاہیے کیونکہ مشکل حالات میں لڑ کر ہی کامیابی حاصل کی جاتی ہے۔ انہوں نے بچوں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ملک کی خدمت کے لیے خود کو تیار رکھیں کیونکہ وہ ملک کا مستقبل اور معمار ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اگرچہ ہمارا وطن بہت سی مشکلات میں گھِرا ہوا ہے، معیشت کا شعبہ کچھ کمزور ہے، مہنگائی اور بے روزگاری بھی ہے، عام لوگ بے یقینی میں مبتلا ہیں لیکن آج میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہ حالات بدل رہے ہیں اور بہتری کی جانب گامزن ہیں، پاکستان کی اقتصادی ٹیم جس منصوبے پر عمل کر رہی ہے وہ ملک میں استحکام لا رہا ہے، کافی حد تک استحکام آچکا ہے اور اس کی بنیاد پر ہم ایسی معاشی ترقی حاصل کر لیں گے، جس کا فائدہ کم آمدنی والے اور ہماری مڈل کلاس کو بھی ہوگا۔

باقر رضا نے مزید کہا کہ اپنی پالیسیوں میں تسلسل لانا ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے، پالیسیوں میں تسلسل رہا تو مجھے کوئی شک نہیں کہ ہمارا مستقبل روشن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔