گلگت؛ متوفیوں کے والدین نے سیاح کو معاف کردیا

شبیر میر  جمعرات 15 اگست 2019
2لڑکے موقع پردم توڑگئے، عثمان خوں بہا دینے کو تیار تھا، لواحقین نے معاف کردیا
 فوٹو: فائل

2لڑکے موقع پردم توڑگئے، عثمان خوں بہا دینے کو تیار تھا، لواحقین نے معاف کردیا فوٹو: فائل

گلگت: علاقائی روایات ،انسانی ہمدردی اور جذبہ خیرسگالی کے تحت ٹریفک حادثہ میں مرنے والے2لڑکوں کے خاندان نے کار سوار سیاح کو معاف کر دیا۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق لاہور کے رہائشی عثمان سلیم جولائی کے آخری ہفتہ میں اپنے خاندان کے ہمراہ وادی ہنزہ میں چھٹیاں گزارنے گئے تھے۔ سیاح خاندان واپس لاہور آ رہاتھا کہ چلات سے گزرتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ان کی کار موٹرسائیکل سوار2 لڑکوں سے ٹکرا گئی جس سے 14سالہ شیان اور22 سالہ کاشف موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعہ کے فوراً بعد پولیس نے عثمان کو گرفتار کر لیا جبکہ خوشیوں سے بھرا گھر پل بھر میں غم میں ڈوب گیا لیکن علاقائی روایات کے تحت مقامی لوگوں نے عثمان کی بیوی اور بچوں کو رہائش اور کھانا وغیرہ فراہم کیا، دونوں نوجوانوں کی تدفین کے بعد لواحقین خاندان کے افراد تھانہ آئے اور جذبہ خیرسگالی اور اپنی علاقائی روایات کے مطابق سیاح عثمان کو معاف کر دیا۔

اگرچہ عثمان سلیم اسلامی قانون کے مطابق خوںبہا دینے کیلیے تیار تھے مگر مرنے والوں کے والدین نے سیاح کو معاف کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔