میرٹ سے ہٹ کراہم ملازمتیںدینے پر دونیب ریفرنس دائر

قیصر شیرازی  جمعرات 30 اگست 2012
سابق سیکریٹری اسماعیل قریشی،ایڈیشنل سیکریٹری احسن راجہ ملزمان میںشامل، فوٹو: فائل

سابق سیکریٹری اسماعیل قریشی،ایڈیشنل سیکریٹری احسن راجہ ملزمان میںشامل، فوٹو: فائل

راولپنڈي: احتساب بیورو نے این آر او عملدرآمدکیس کی روشنی میں احمد ریاض شیخ اور عدنان خواجہ کو میرٹ سے ہٹ کر اہم ملازمتیں دینے، سزا یافتہ ہونے کے باوجود برطرفی کی تاریخ سے بحال کرکے مالی مراعات اور ترقیاں دینے پر2نئے ریفرنس احتساب عدالتوں کے رجسٹرارکے پاس باقاعدہ دائرکر دیئے ہیں جنہیں ایڈمنسٹریٹو جج چوہدری عبدالحق نے فوری عدالت پیش کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

پہلے ریفرنس کے3 ملزمان میں سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی،سابق ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ و موجودہ ایڈیشنل سیکرٹری انچارج ہیومن ریسورس احسن راجہ اور ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عروج الحسن شامل ہیں ۔دوسرے ریفرنس میں بھی سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی،اخلاق گیلانی سمیت3ملزمان ہیں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سزا یافتہ میٹرک پاس عدنان خواجہ کو نیوٹیک کی چیئرمین شپ سے براہ راست چیئرمین او جی ڈی سی ایل کے انتہائی منفعت بخش اوراہم ٹیکنیکل عہدے پر لگایا جو اہل نہیں تھے،آئندہ 2روز میں ان ریفرنسوںکو باقاعدہ سماعت کیلیے احتساب عدالت میں پیش کیا جارہا ہے ۔ یہ دونوں ریفرنس راولپنڈی یا اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ٹرائل ہوں گے اس کا فیصلہ بھی آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔