آبادایگزیکٹوکمیٹی الیکشن،الائیڈپینل کے تمام امیدوارکامیاب

بزنس رپورٹر  اتوار 22 ستمبر 2013
 30ستمبرکوعہدیداروں کاانتخاب ہوگا،محسن شیخانی نئے چیئرمین ہونگے، ذرائع

30ستمبرکوعہدیداروں کاانتخاب ہوگا،محسن شیخانی نئے چیئرمین ہونگے، ذرائع

کراچی:  ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے انتخابات میں الائیڈ پینل کے نامزد تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں۔

ہفتہ کو آباد ہائوس میں منعقد ہونے والے انتخابات برائے سال2013-14 کے لیے مجموعی طور پر439 ممبران میں سے335 اراکین نے حق رائے دہی کا استعمال کیا، انتخابات میں دوگروپ الائیڈ پینل اور پروگریسو گروپ مدمقابل تھے، پورے دن آباد ہائوس میں انتخابی گہما گہمی رہی اور دونوں گروپوں کے نمائندوں نے اپنے اپنے امیدواروں کے لیے کنوینسنگ کی۔ ہفتہ کی شب اعلان کردہ انتخابی نتائج کے مطابق الائیڈ پینل کے نامزد امیدواربھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائے۔

نتائج کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی6 نشستوں پر محسن شیخانی، سلیم قاسم پٹیل، محمد حنیف گوہر، فیاض الیاس، محمد حنیف میمن اور سید افضل حمید کامیاب قرار پائے جبکہ ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کی 6 نشستوں پر بھی الائیڈ پینل کے محمد حسن بخشی، محمد ذیشان صدیقی، رمیض قاسم غازیانی، محمد ایوب اور عمران فاضلانی کامیاب قرار پائے۔

ہفتہ کو انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد آباد کا سالانہ اجلاس عام 30 ستمبر2013 کو منعقد ہوگا جس میں نومنتخب ایگزیکٹوکمیٹی میں سے نئی مدت کے لیے آباد کے چیئرمین، سینئر وائس چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ الائیڈ پینل کے اکابرین نے سال 2013-14 کی مدت کے لیے چیئرمین کی نشست پر محسن شیخانی، سینئروائس چیئرمین کی نشست پر سلیم قاسم پٹیل اور وائس چیئرمین کی نشست پر محمد حنیف گوہر کونامزد کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔