کانگریس بلوں کی ادائیگیوں کیلیے قرضے کی حد بڑھائے،اوباما

اے ایف پی  اتوار 22 ستمبر 2013
امریکا ڈیفالٹ اور پوری معیشت خطرے سے دوچار ہوجائے گی،ہفتہ وار ریڈیو خطاب فوٹو: رائٹرز/ فائل

امریکا ڈیفالٹ اور پوری معیشت خطرے سے دوچار ہوجائے گی،ہفتہ وار ریڈیو خطاب فوٹو: رائٹرز/ فائل

واشنگٹن:  امریکی صدر اوباما نے ہفتہ کو کانگریس پر زور دیا ہے کہ بلوں کی ادائیگیوں کے لیے قرضے کی حد میں اضافہ کیا جائے۔

ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں انھوں نے کہا کہ اگر 30 ستمبر سے قبل بجٹ منظور نہ کیا گیا تو حکومتی امور ٹھپ ہو جائیں گے اور امریکی عوام کو کئی سروسز نہیں مل سکیں گی بلکہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے فوجیوں کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں گی۔

یاد رہے کہ اگر کانگریس نے حکومتی قرضوں کی حد میں اضافہ نہ کیا تو امریکی حکومت اکتوبر تک کنگال ہو جائے گی جس کا پوری دنیا میں اثر ہوگا، حصص مارکیٹس گرجائیں گی اور عالمی معیشت متاثر ہو گی۔ اوباما نے کہاکہ 1950 سے کانگریس یہ منظور کرتی آئی ہے اور چاہے ڈیموکریٹس یا ریپبلکن ہر صدر نے اس پر دستخط کیے ہیں اور اگر اس کانگریس نے آئندہ چند ہفتوں میں ایسا نہ کیا تو امریکا اپنی ذمے داریوں پر ڈیفالٹ کر جائے گا اور پوری معیشت خطرے سے دوچار ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔