ایف آئی اے نے ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی روک دی

طالب فریدی / ویب ڈیسک  جمعرات 15 اگست 2019
منی چینجرز سے ڈیٹا جمع کیا گیا نہ ڈالرز خرید و فروخت کرنے والوں کا ریکارڈ مانگا گیا، ذرائع ایف آئی اے (فوٹو: فائل)

منی چینجرز سے ڈیٹا جمع کیا گیا نہ ڈالرز خرید و فروخت کرنے والوں کا ریکارڈ مانگا گیا، ذرائع ایف آئی اے (فوٹو: فائل)

لاہور: ایف آئی اے نے ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عارضی طور پر روک دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کو وفاقی حکومت کی طرف سے احکامات موصول ہوئے تھے جس پر ایف آئی اے نے لاہور سمیت ملک بھر میں ڈالر کا ذخیرہ کرنے اور غیر قانونی طور پر اس کی خرید و فروخت کرنے والوں سمیت ہنڈی و حوالے کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا۔

ایف آئی اے نے درجنوں افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے ڈالرز، پاؤنڈ اسٹرلنگ، سعودی ریال سمیت دیگر ممالک کی کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی برآمد کی۔

اب ایف آئی اے ذرائع نے انکشاف کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ایف آئی اے نے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی روکی ہوئی ہے اور لاہور سمیت پنجاب بھر کے منی چینجرز کا ابھی تک ڈیٹا بھی جمع نہیں کیا اور نہ ہی ان سے ڈالرز خرید نے اور فروخت کرنے والوں کا ریکارڈ مانگا چنانچہ کارروائی نہ ہونے کے باعث  ڈالر کی قیمت میں جس تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا تھا اس میں کمی آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے اب تک جتنی کارروائی کی وہ صرف مخبری پر کی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب وقار عباسی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ آپریشن جاری ہے تاہم اس میں کچھ کمی ضرور آئی ہے، جیسے ہی کوئی اطلاع ملتی ہے فوری کارروائی کی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔