ایل او سی پر اشتعال انگیزی؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اگست 2019
بھارت2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے، پاکستان۔ فوٹو:فائل

بھارت2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے، پاکستان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ڈی جی ساوٴتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی ساوٴتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کی جانب سے ایک مراسلہ بھی دیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، آج بھی  بھارتی افواج نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے 1 جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ اس طرح گزشتہ دو روز کے دوران شہید جوانوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ بھارتی کی طرف سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران بھارت کی جانب سے 1 ہزار 970 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

پاکستان نے بھارت پر 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے، جب کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کر رہی ہے جس کے نتیجےمیں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے ہیں، جب کہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے 5 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، اور متعدد بھارتی بنکر اور چوکیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔