شہریوں سے لوٹ مار کرنیوالے3پولیس اہلکار گرفتاری کے بعد فرار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 22 ستمبر 2013
 ڈکیت اہلکار تھانے سے مبینہ طور پر فرار،ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی. فوٹو: فائل

ڈکیت اہلکار تھانے سے مبینہ طور پر فرار،ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی. فوٹو: فائل

کراچی:  عزیز بھٹی پولیس نے بیرون ملک سے آنیوالے افراد سے لوٹ مار کرنیوالے3 ڈاکو پولیس اہلکار گرفتار کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او نیو ٹاؤن ڈی ایس پی ناصر لودھی کی سربراہی میں عزیز بھٹی پولیس نے اے ایس آئی نذیر احمد ، ہیڈ کانسٹیبل عنایت اللہ اور سپاہی عبدالغنی کو گرفتار کرکے ان کیخلاف شہریوں سے لوٹ مار کرنے کا مقدمہ درج کرلیا، ملزمان رات کے اوقات میں ایئر پورٹ سے آنے والے مسافروں کو ر اشد منہاس روڈ ، شاہراہ فیصل اور نیشنل اسٹیڈیم کے قریب تلاشی کے بہانے روک کر ان سے غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ لیتے تھے،ملزمان کے خلاف متعدد بار شہریوں کی جانب سے شکایات کی گئی۔

تاہم بعض پولیس افسران کی سرپرستی حاصل ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں آئی ملزمان کے خلاف لوٹ مار کی شکایات بڑھنے پر پولیس افسران انھیں چھٹی پر بھیج دیتے تھے اس طرح مذکورہ ملزمان پولیس اہلکار شناخت پریڈ سے بچ جاتے تھے ،پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کی شب مذکورہ پولیس اہلکاروں نے بیرون ملک سے آنے والے شہری سے تلاشی کے بہانے 5 ہزار ریال لوٹ لیے تھے جس پر متاثرہ شخص نے ڈی ایس پی نیو ٹاؤن ناصر لودھی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور لوٹ مار کے واقعے سے آگاہ کیا ۔

جس پر ایس پی گلشن اقبال نے عزیز بھٹی پولیس کے ان اہلکاروں کو طلب کیا جس پر شہری نے ان کی شناخت ملزمان کی حیثیت سے کرلی جس کے بعد ایس پی گلشن اقبال نے ملزمان کو عزیز بھٹی پولیس کے حوالے کرکے مقدمہ درج کرنے کو کہا،پولیس انھیں لیکر تھانے پہنچی جہاں انھیں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں نے تھانے سے بھگا دیا،ایس پی گلشن اقبال نے اطلاع ملنے پر عزیز بھٹی پولیس کی سرزنش کی اور فوری طور پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جس عزیز بھٹی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔