ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں بڑھ گئیں

اسٹاف رپورٹر  اتوار 22 ستمبر 2013
 راشد منہاس روڈ پرمیاں بیوی اور بفرزون میں نجی ٹی وی کی اسٹاف وین کو لوٹ لیا گیا۔فوٹو:فائل

راشد منہاس روڈ پرمیاں بیوی اور بفرزون میں نجی ٹی وی کی اسٹاف وین کو لوٹ لیا گیا۔فوٹو:فائل

کراچی:  شہر میں پولیس اور رینجرز کے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود ڈکیت اور رہزن اپنی وارداتوں میں مصروف ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح ملزمان لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران نقدی، بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا چھین کر لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد ڈاک خانہ کے قریب سے 3 ملزمان اکرم نامی شخص سے اسلحہ کے زور پر65 ہزار روپے نقدی اور2 موبائل فون چھین کر لے گئے، قائد آباد میں3 ملزمان نے مسافر کوچ میں سوار مسافروں کو یرغمال بنا کر اسلحے کے زور پر نقدی موبائل فون ، خواتین مسافروں سے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے،راشد منہاس روڈ پر2ملزمان حیدر اور اس کی اہلیہ سے40ہزار روپے،2 موبائل فون، طلائی چین اور انگوٹھی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

سپر مارکیٹ لیاقت آباد سی ایریا میں سلمان کے گھر سے 3 ملزمان اسلحہ کے زور پر نقدی ، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے، بفرزون میں نجی ٹی وی کی اسٹاف وین کو 4 مسلح ملزمان نے روک کر اس میں سوار افراد سے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیے،گلشن اقبال ،درخشاں ، بہادر آباد اور سائٹ ایریا نامعلوم ملزمان 4 گاڑیاں اور 2 موٹر سائیکلیں چھین کر لے گئے،پولیس وارداتو میں ملوث کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔