چوہدری شوگرملز کیس؛ نیب نے شہباز شریف کو 23 اگست کو طلب کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اگست 2019
شہبازشریف کو چوہدری شوگر ملز کا ریکارڈ لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، نیب ذرائع. فوٹو:فائل

شہبازشریف کو چوہدری شوگر ملز کا ریکارڈ لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، نیب ذرائع. فوٹو:فائل

لاہور: نیب نے شہباز شریف کو چوہدری شوگر ملز کیس کے سلسلے میں 23 اگست کو طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شہبازشریف کو 23 اگست کو طلب کرلیا ہے، اور انہیں چوہدری شوگر ملز کا ریکارڈ لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ جنوری 2018 میں مسلم لیگ حکومت کے دوران چوہدری شوگر ملز نے اربوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کی۔ نیب تحقیقات 2018 میں شروع کی گئی جس میں پتہ چلا کہ نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف سمیت خاندان کے دیگر ارکان شیئر ہولڈر ہیں۔

نیب کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ شریف فیملی سمیت متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں بھی چند شیئر ہولڈرز منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ اس کاروبار میں 2001 سے 2017 کے درمیان بیرون ملک رہنے والے افراد کو اربوں روپے کا شیئر ہولڈر بنایا گیا تاہم مریم نواز، حسن اور حسین نواز نے شیئر واپس وصول کیے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منی لانڈرنگ کی گئی۔ یوسف عباس اور مریم نواز انکوائری میں شامل ہوئے لیکن منی لانڈرنگ کا جواب نہ دے سکے۔

واضح رہے کہ چوہدری شوگر مل میں مریم صفدر کے بھی کروڑوں روپے مالیت کے شئیرز ہیں، شریف فیملی پر چوہدری شوگر ملز کے ذریعے بذریعہ ٹی ٹی بیرون ملک رقم منتقل کرنے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔