برطانیہ میں بھارت کیخلاف احتجاج کرنے والے 4 مظاہرین گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اگست 2019
ہزاروں مظاہرین نے انڈین ہائی کمیشن کے سامنے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ فوٹو : اے ایف پی

ہزاروں مظاہرین نے انڈین ہائی کمیشن کے سامنے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ فوٹو : اے ایف پی

 لندن: برطانیہ میں بھارت کے قومی دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور کشمیریوں کی حمایت میں انڈین ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرنے والوں میں سے 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ویسٹ منسٹر میں واقع بھارتی ہائی کمیشن کے دفتر کے باہر سیکڑوں کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین میں سے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان افراد پر پولیس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے، ہنگامہ آرائی، بلوہ اور عوامی مقامات پر احتجاج کرنے کے قوانین کو توڑنے کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور ان افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : لندن میں کشمیر کے حق اور مودی کے خلاف ہزاروں افراد کا پرجوش مظاہرہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہزاروں افراد نے بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا تھا، مظاہرین نے کشمیری اور پاکستانی جھنڈے اُٹھا رکھے تھے اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔