ایکسپریس کی عالمی اردو کانفرنس رجحان ساز اقدام ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی

اقبال خورشید  اتوار 22 ستمبر 2013
کراچی کے بعد لاہور میں کانفرنس اردو کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنیکی ایک کوشش ہوگی۔ فوٹو: فائل

کراچی کے بعد لاہور میں کانفرنس اردو کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنیکی ایک کوشش ہوگی۔ فوٹو: فائل

کراچی: ایکسپریس کی عالمی اردو کانفرنس کی اسٹیرنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عالمی اردو کانفرنس ایک رجحان ساز اقدام ہے، یہ قابل تقلید کوشش ہے۔اِس کا مقصد اردو زبان و ادب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اردو اہل قلم کو ایک پلیٹ فورم پر اکٹھا کرنا ہے، کراچی میں ہونیوالی کانفرنس کے بعد اب لاہور کانفرنس سے بھی اردو زبان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

دوسری عالمی کانفرنس 12 تا 13 اکتوبر لاہور میں منعقد ہو گی۔ اردو کانفرنس کی اسٹیرنگ کمیٹی امجد اسلام امجد، زاہدہ حنا، ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی اور احفاظ الرحمن پر مشتمل ہے۔ اِسی کمیٹی کے زیرنگرانی 2011 میں کراچی میں ایکسپریس کی پہلی عالمی اردو کانفرنس منعقد ہوئی تھی، جسے اردو داں طبقے کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ کمیٹی کے مطابق دو روز جاری رہنے والی اِس کانفرنس کا مقصد اردو کی مختلف جہتوں کا احاطہ کرتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

اِس ضمن میں اردو رسم الخط کے مسائل، دیگر پاکستانی زبانوں سے اردو کی ہم آہنگی، عام فہم زبان، اردو پر دیگر زبانوں کے اثرات، پاکستانی معاشرے کا خلفشار اور ادیب کا کردار اور بھارت میںاردو کے موضوع پر سیشنز منعقد ہوں گے، جس میں اہل علم، ادیب اور ماہر لسانیات اپنے مقالات پیش کریں گے، جنھیں بعد میں کتابی شکل بھی دی جائے گی۔ کانفرنس کے اختتام پر مشاعرہ منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے نام وَر شعرا اپنا کلام پیش کریں گے۔ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یہ کانفرنس اردو کے تمام اہل دانش کو ایک پلیٹ فورم پر اکٹھا کرتے ہوئے اردو کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک کوشش ہو گی۔ اعلامیے میں امید ظاہر کی گئی کہ اہل کراچی کی طرح اہل لاہور بھی اِس ادبی سرگرمی میں بھرپور حصہ لیں گے، جب کہ دیگر میڈیا گروپس بھی ایکسپریس کے اِس اقدام کی تقلید کریں گے اور اردو کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔