وزیراعظم نے اہم مسائل کا ذکر ہی نہیں کیا، شازیہ مری

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 22 ستمبر 2013
 وزیر اعظم نواز شریف کا خطاب سن کر بہت حیران ہوئی،شازیہ مری:فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف کا خطاب سن کر بہت حیران ہوئی،شازیہ مری:فوٹو:فائل

لاہور: ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی تقریر سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت نہ صرف انرجی بحران اور کراچی میں امن وامان کیلیے سرگرم ہے بلکہ وہ یوتھ اور خواتین کی ترقی کیلیے بھی کوشاں ہے ۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ اگر پیلی ٹیکسی یا سستی روٹی اسکیم فلاپ ہوئی تھی تو پھر ن لیگ کو اتنا بڑا مینڈیٹ کیسے مل گیا۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ میں وزیر اعظم نواز شریف کا خطاب سن کر بہت حیران ہوئی، انھوں نے ملک کو درپیش اہم مسائل کا ذکر ہی نہیں کیا، اے پی سی کے بعد ہونے والی ہلاکتوں پر بھی کوئی بات نہیں کی، بجٹ میں120 ارب ایسے رکھے گئے تھے جن کی کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں اور ہمیں پہلے ہی شک تھا کہ ن لیگ اس طرح کے پروگراموں کا اعلان کر سکتی ہے، اگر عوام کو8 فیصد پر ہی قرض لینا ہے تو پھر بینکوں سے ہی کیوں نہ لے، اس سے قبل ن لیگ کی روٹی اسکیم اور پیلی ٹیکسی اسکیم بھی فلاپ ہوئی تھی، موجودہ حکومت اب تک 636 ارب روپے کے نوٹ چھاپ چکی ہے۔

تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری نے کہا کہ پاکستان کی یوتھ پرسب سے بڑی سرمایہ کاری بنیادی تعلیم کی فراہمی ہے جس کو ایمرجنسی کی بنیادوں پر فروغ ملنا چاہیے۔ ورلڈ بینک نے پرائمری تعلیم پر قرضہ دیا لیکن حکومت نے اس کو لیپ ٹاپ پر خرچ کر دیا۔ تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا کہ حکومت ایسے ٹوٹکوں کی ماہر ہے ایسی اسکیمیں وقتی طور پر بہت پرکشش لگتی ہیں، پاکستان کے اصل مسائل کچھ اور ہیں جب تک ان کا حل نہ کیا جائے ایسی اسکیموں کا فائدہ نہیں ہو سکتا، بنیادی مسائل لا اینڈآرڈر اور سیکیورٹی خدشات ہیں ان کے بارے میں سوچا ہی نہیں جا رہا اور نہ کوئی ترجیحات نظر آرہی ہیں، ملابرادر کی رہائی حامد کرزئی اور امریکا کے کہنے پر ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔