این ای ڈی کے تحت تھر میں اعلیٰ تعلیم کا پہلا ادارہ قائم

صفدر رضوی  ہفتہ 17 اگست 2019
پرنسپل اوراساتذہ کودگنی تنخواہوں کی پیشکش کی ہے، وائس چانسلر این ای ڈی کی ایکسپریس سے خصوصی بات چیت
فوٹو: فائل

پرنسپل اوراساتذہ کودگنی تنخواہوں کی پیشکش کی ہے، وائس چانسلر این ای ڈی کی ایکسپریس سے خصوصی بات چیت فوٹو: فائل

کراچی:  این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے سندھ کے علاقے تھر میں باقاعدہ کیمپس قائم کرتے ہوئے رواں سال ہی بیچلرآف انجینئرنگ میں  داخلے شروع کرنے کی تیاریاں کر لی  ہیں، اس طرح تھرسمیت پورے میرپور خاص ڈسٹرکٹ میں سرکاری سطح پر یہ پہلا ادارہ ہوگاجس میں اعلیٰ تعلیم دی جاسکے گی۔

پہلی بار کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں داخلے دیے جارہے ہیں جبکہ تھرمیں خدمات دینے والے اساتذہ کودگنی تنخواہوں کی پیشکش کی گئی ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے ’’ایکسپریس‘‘کوبتایاکہ تھرمیں قائم کیے جانے والے کیمپس کو ’’تھرانسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ سائنسز اینڈ ٹٰیکنالوجی این ای ڈی یونیورسٹی‘‘کانام دیا گیا ہے جس میں پہلی بارکمپیوٹر سائنس کے شعبے میں داخلے دیے جا رہے ہیں۔

داخلوں کے خواہشمند طلبا 31اگست کواین ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے مرکزی کیمپس میں ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں ہی شریک ہوسکیں گے ۔ مذکورہ کیمپس میں کمپیوٹرسائنس کے داخلوں کے لیے 60 نشستیں مختص کی گئی ہیں اوراین ای ڈی یونیورسٹی کی پالیسی کے مطابق بیشتر نشستیںمیرپورخاص تعلیمی بورڈ سے انٹر کرنے والے طلبہ کے لیے ہیں جبکہ دیگرتعلیمی بورڈزکے طلبہ کے لیے بھی کچھ نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ایک سوال پر ڈاکٹرسروش لودھی نے بتایاکہ فوری طورپرکیمپس قائم کرکے داخلے شروع کرنے کے لیے سندھ اینگروکول مائننگ کمپنی سے ایک معاہدے کے تحت دوسال کے لیے تھر کے علاقے اسلام کوٹ میں اسکول کی عمارت حاصل کی گئی ہے جو 5 ایکڑپرقائم ہے جبکہ اساتذہ اورطلبہ کی رہائش کے لیے علیحدہ علیحدہ دوعمارتیں کرائے پرلی جارہی ہیں ۔

حکومت سندھ نے تھرکیمپس کوفعال کرنے کے لیے فوری طورپر 200ملین روپے کی گرانٹ منظورکردی ہے جوعیدکے فوری بعد جاری ہونے کی امیدہے۔ تھرکیمپس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وائس چانسلراین ای ڈی یونیورسٹی کا مزیدکہناتھاکہ اس کیمپس کے انتظامی واکیڈمک معاملات کاکنٹرول مکمل طورپر این ای ڈی یونیورسٹی کے پاس ہوگا۔

وائس چانسلرکاکہناتھاکہ اس سلسلے میں تھرکیمپس میں پرنسپل کاتقررآئندہ چند روزمیں ہوجائے گا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنے سینیئراساتذہ کوپرنسپل کے عہدے کی پیشکش کی ہے جبکہ کمپیوٹرسائنس کی فیکلٹی کے لیے بھی اساتذہ کوخطوط بھجوادیے گئے ہیں جواساتذہ اورغیرتدریسی عملہ وہاں جاناچاہے اسے حکومت سندھ سے باقاعدہ منظوری کے ساتھ دگنی تنخواہیں دی جائیں گی۔

حکومت سندھ نے تھرکیمپس کے لیے 317ایکڑاراضی دینے کاعندیہ دیا ہے اور دوسال میں 850ملین روپے بطور ڈیولپمنٹ گرانٹ بھی منظورکی گئی ہے۔ انھوں نے بتایاکہ کہ طلبہ اوراساتذہ کی رہائش کے لیے جوعمارت کرائے پر لی جارہی ہے اس میں فیکلٹی اپنا کرایاخود دے گی جبکہ طلبہ کے لیے رہائشی ہاسٹل کے اخراجات میں سے کچھ طلبہ سے لیاجائے گاجبکہ کچھ یونیورسٹی اداکرے گی۔

فیسوں کے حوالے سے کیے گئے سوال پر ڈاکٹرسروش لودھی کاکہناتھاکہ اس کیمپس کوبہترانداز میں چلانے کے لیے فیس اسٹرکچر این ای ڈی کے مرکزی کیمپس کے فیس اسٹرکچرسے کچھ زیادہ رکھاگیا ہے اورداخلے کے وقت طلبہ کو 62 ہزارروپے تک فیس اداکرنی ہوگی جبکہ دیگرسیمسٹرکی فیس این ای ڈی کی فیسوں کے تقریباًمساوی ہوگی۔ داخلوں کاطریقہ کاراورمیرٹ یونیورسٹی کی اپنی پالیسی کے مطابق ہی رکھاگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔