ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے والے بھارت کے عوام پاکستانی غباروں سے خوفزدہ

آصف محمود  ہفتہ 17 اگست 2019
گاؤں کے مکین سمجھتے ہیں کہ پاکستانی غباروں کا اڑتے ہوئے بھارتی حدودمیں داخل ہونا بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے، فوٹو: ایکسپریس

گاؤں کے مکین سمجھتے ہیں کہ پاکستانی غباروں کا اڑتے ہوئے بھارتی حدودمیں داخل ہونا بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے، فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: مقبوضہ کشمیر تنازعہ کے بعد پاکستان کو ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے والے بھارت کے عوام پاکستانی غباروں سے بھی خوف کھانے لگے ہیں ۔

پاکستان اوربھارت کی سرحد کے قریب فرید کوٹ کے نواحی گاؤں شمروالا میں بھارتی کسان اپنے کھیتوں میں پاکستانی جھنڈے والے غبارے دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے اور اسے بھارتی خفیہ اداروں کی نااہلی قراردیتے رہے۔

لاہورمیں مقیم ایک سکھ فیملی کے بزرگ سردارگورویندرسنگھ نے ایکسپریس کوبتایا کہ ان کے کچھ رشتہ دار فریدکوٹ کے سرحدی گاؤں شمروالامیں رہتے ہیں۔16 اگست کوان کے ایک رشتہ دار نے انہیں مقبوضہ کشمیر کے بعد پیداہونیوالی کشیدگی کے باعث حال احوال جاننے کے لیے فون کیا، گفتگوکے دوران ان کے رشتہ دار نے بتایا کہ ان کے گاؤں کے لوگ کافی خوفزدہ ہیں جس کی وجہ گاؤں کے کھیتوں سے ملنے والے جاسوس غبارے ہیں۔ گاؤں کے ایک کسان کرم جیت سنگھ کواپنے کھیتوں سے تین، چار غبارے ملے ہیں جن پر پاکستانی جھنڈا اور اردو میں تحریر درج ہے۔ پاکستانی غباروں کے بھارت پہنچنے پر گاؤں کے لوگ پریشان اور خوفزدہ ہیں۔

گاؤں کے مکین سمجھتے ہیں کہ پاکستانی غباروں کا اڑتے ہوئے بھارتی حدودمیں داخل ہونا بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے۔ اگرغبارے ہوا میں اڑکرآسکتے ہیں تو کوئی اور چیز بھی آسکتی ہے۔ کبھی پاکستان سے جاسوس کبوتر آجاتے ہیں تواب غبارے پہنچ گئے ہیں۔

گورویندر سنگھ کے مطابق انہوں نے اپنے رشتہ دار کو بتایا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر 14 اگست کو فضا میں چھوڑے گئے غبارے اڑتے ہوئے بارڈرکراس کرگئے اور بھارتی کھیتوں میں جاگرے ہوں گے، یہ کوئی سازش نہیں ہے اور گاؤں کے لوگوں کو اس طرح خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔