ڈیموتھ کرونا رتنے کی جھولی ریکارڈز سے بھر گئی

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 اگست 2019
سری لنکن اوپنر ڈیموتھ کرونا رتنے کٹ شاٹ کھیل رہے ہیں فوٹو: فائل

سری لنکن اوپنر ڈیموتھ کرونا رتنے کٹ شاٹ کھیل رہے ہیں فوٹو: فائل

گال: ایک اننگز نے ڈیموتھ کرونا رتنے کی جھولی کئی ریکارڈز سے بھر ڈالی، چوتھی باری میں سنچری بنانے والے تیسرے سری لنکن اوپنر بن گئے، فتح گر ثابت ہونے والی سنچری کے معاملے میں چوتھے بیٹسمین بنے، پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے گال میں 100 سے زائد رنز کا کوئی ہدف چوتھی اننگز میں حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق گال  ٹیسٹ میں کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے کامیابی حاصل کی جبکہ اس دوران خود اوپننگ بیٹسمین بھی کئی اعزازات کے مالک بن گئے، وہ سری لنکا کے تیسرے اوپنر ہے جنھوں نے کسی بھی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں سنچری اسکور کی، اس طرح انھوں نے کوشل مینڈس اور سنتھ جے سوریا کو جوائن کرلیا ہے، مینڈس نے گذشتہ برس ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں 102 جبکہ جے سوریا نے دو مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ اور کینڈی میں چوتھی اننگز میں سنچری کا کارنامہ انجام دیا تھا۔

مجموعی طور پر سری لنکا کے 4 بیٹسمینوں کی چوتھی اننگز میں سنچریاں ٹیم کو فتح دلانے کا باعث بنیں، کرونارتنے سے قبل اروندا ڈی سلوا ، مہیلا جے وردنے اور کوشل پریرا یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، ڈی سلوا نے 1998 میں زمبابوے، جے وردنے جنوبی افریقہ کے خلاف 2006 اور پروٹیز سے ہی میچ میں پریرا نے رواں برس یہ کارنامہ انجام دیا۔ یہ چوتھا موقع ہے جب سری لنکا نے چوتھی اننگز میں 268 یا اس سے زائد رنز بناکر ٹیسٹ میچ جیتا، سب سے بڑا ہدف 391 کی صورت میں زمبابوے کے خلاف کولمبو میں  2 برس قبل حاصل کیا تھا۔

یہ گال میں چوتھی اننگز میں بنایا گیا دوسرا بڑا اسکور جبکہ اسی وینیو پر پہلی مرتبہ کوئی ٹیم 100 رنز سے زائد کا کوئی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، آخری مرتبہ اس گراؤنڈ پر سری لنکا نے 2014 میں پاکستان سے میچ میں 99 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ رواں برس یہ کسی بھی کرکٹر کی جانب سے چوتھی اننگز میں اب تک تیسری سنچری ہے، ان سے قبل کوشل پریرا نے ڈربن میں پروٹیز سے میچ میں 153 اور روسٹن چیس نے انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 102 رنز بنائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔