اسٹیون اسمتھ لارڈز میچ کے اختتامی دن دستبردار

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 اگست 2019
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں شرکت بھی مشکوک، لبوشنگی متبادل کے طور پر شریک ہوئے
فوٹو: فائل

ہیڈنگلے ٹیسٹ میں شرکت بھی مشکوک، لبوشنگی متبادل کے طور پر شریک ہوئے فوٹو: فائل

 لندن:  آسٹریلوی اسٹار بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے گردن پر گیند لگ جانے کے بعد لارڈز ٹیسٹ سے دستبرداری اختیار کرلی۔

اسمتھ کی آئندہ ہفتے ہیڈنگلے میں شیڈول ایشزسیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے، لارڈز میں میچ کے آخری دن اتوار کولبوشنگی کو باضابطہ طور پر ’ متبادل ‘ کے طور پر میدان میں اتاردیا گیا، ہفتے کو میچ کے چوتھے دن انگلش پیسر جوفرا آرچرکی گیند گردن پر لگ جانے کے بعد اسمتھ کو پہلے گراؤنڈ میں طبی امداد فراہم کی گئی اور پھرآسٹریلین ٹیم ڈاکٹر رچرڈ سا میچ آفیشلز سے مشاورت کرنے کے بعد انھیں میدان سے باہر لے گئے تھے جہاں ان کی طبی جانچ کرنے کے بعد 46 منٹ بعد انھیں دوبارہ بیٹنگ کیلیے فٹ قرار دے دیا گیا تھا،تاہم اتوارکومیچ کے پانچویں دن کی صبح دوبارہ ٹیسٹنگ پر انکشاف ہوا کہ ان کی کنڈیشن خراب ہوسکتی ہے، جس پرآسٹریلین ٹیم انتظامیہ نے میچ ریفری رنجن مدوگالے کو اس سے آگاہ کیا۔

اسمتھ کی حالت کو بتدریج سست محسوس کیاجارہا تھا اب ان کے مزید اسکین ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ انھیں مزید کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہو،سی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں کرکٹ آسٹریلیا کے پروٹوکول کے تحت اسٹیو اسمتھ کی اتوار کی صبح بھی جانچ کی گئی، جہاں کچھ علامات میں بگاڑ ظاہر ہورہا تھا، اس بنیاد پر ہم نے میچ کے آخری دن اسمتھ کو دستبردار کرانا بہتر خیال کیا، ایسے واقعات میں عمومی طور پر دیکھا گیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ میں ایسی چوٹ کے نتائج 24 سے 48 گھنٹے بعد ظاہر ہوئے ہیں، تیسرے ٹیسٹ میں اسمتھ کی دستیابی کا تعلق ان کی صورتحال سے مشروط ہوگا، اسمتھ کی فٹنس جانچنے کا عمل مستقل بنیاد پر جاری رکھا جائیگا، اتوار کو احتیاطاً ان کی گردن کا اسکین ٹیسٹ کیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔