برساتی پانی سیوریج لائنوں میں داخل ہونے سے نظام بیٹھ گیا

اسٹاف رپورٹر  پير 19 اگست 2019
بارشوں کے بعد برساتی پانی سیوریج لائنوں میں کچرا اورمٹی بھی ساتھ لے گیاجس کے باعث لائنیں بند ہوئیں،ترجمان واٹربورڈ

بارشوں کے بعد برساتی پانی سیوریج لائنوں میں کچرا اورمٹی بھی ساتھ لے گیاجس کے باعث لائنیں بند ہوئیں،ترجمان واٹربورڈ

کراچی: شہر میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا، شہر کی متعدد شاہراہوں، سڑکوں اور گلیوں میں سیوریج کاپانی جمع ہے، نکاسی آب کا نظام خراب ہونے سے سڑکوں پر گٹر ابل رہے ہیں بیشتر مقامات پر مرکزی سیوریج لائنیں دھنس گئی ہیں، بارشوں کے بعد ابلتے گٹروں سے جمع ہونے والے پانی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔

محکمہ بلددیات اور ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی جانب سے اب تک نکاسی آب کی بہتری کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے، واٹر بورڈ افسران کا کہنا ہے کہ برساتی پانی سیوریج لائنوں اور گٹروں میںگیا ہے گٹروں میں کچرا اور مٹی جانے سے لائنیں چاک ہوگئی ہیں، جیل چورنگی پر36 انچ کی سیوریج لائن دھنس جانے سے جمشیدروڈ، سولجر بازار، گرومندر سمیت محلقہ علاقوں میں سیوریج کے مسائل کا سامنا ہے، گلشن اقبال بلاک 8 اور9 میں سیوریج لائن اوور فلو ہوگئی جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں 2 سے 3 فٹ جمع ہونے والا پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے، ضلع وسطی کے علاقے نکاسی آب نہ ہونے سے زیادہ متاثر ہیں نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں گٹر ابل رہے ہیں جس کی وجہ سے گندگی غلا ظت میں اضا فہ ہوگیا ہے ، نارتھ ناظم آباد کے تمام بلاک، ناظم آباد، نیوکراچی، نارتھ کراچی کے 70 فیصد علاقے سیوریج کے پانی سے شدید متاثر ہیں۔

کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی کی گلیوں محلوں میں سیوریج کا نظام بیٹھ چکا ہے، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، شومارکیٹ، صدر، لیاری کی گلیوں میں سیوریج کا پانی جمع ہونے سے آمدروفت متاثر ہے ، اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن میں بھی صورتحال خراب ہے ،گلشن اقبال کے مختلف بلاک میں سیوریج کا پا نی سڑکوں پر جمع ہے ، ذرا ئع کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے بعد سیوریج نظام خراب ہونے کی بنیادی وجہ شہر میں90 فیصد سیوریج لائنیں برساتی نالوں سے منسلک ہیں جیسے ہی برساتی پانی سیوریج لائنوں میں دا خل ہوا نظام درہم برہم ہوگیا، سیوریج نظام کی بہتری گزشتہ 10 سال میں کوئی اقداما ت نہیں کیے گئے جس سے صورتحال مزید خراب ہوگئی اس حوالے سے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برساتی پانی سیوریج لائنو ں میں داخل ہوا تو اس کے ساتھ کچرا ، مٹی بھی تھی جس کی وجہ سے لائنیں چاک ہوگئی ہیں اور گٹر اوور فلو ہورہے ہیں، واٹربورڈ کا عملہ صورتحال کی بہتری کے لیے کام میں مصروف ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔