کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

ویب ڈیسک  پير 19 اگست 2019
شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج اور بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کے خلاف ورزی کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی ساوٴتھ ایشیا و سارک ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور سول آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ  2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارتی افواج نے تتہ پانی اور چیری کوٹ سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی، جس سے 2 بزرگ شہید جبکہ ایک معصوم شہری زخمی ہوا۔ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے،بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے،بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔