افغانستان میں داعش کے ٹھکانوں کو تباہ کر کے دم لیں گے، صدر اشرف غنی

ویب ڈیسک  پير 19 اگست 2019
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔ افغان صدر فوٹو : فائل

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔ افغان صدر فوٹو : فائل

کابل: صدر اشرف غنی نے افغانستان میں شدت پسند جماعت داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے افغانستان کی آزادی کی سو سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک داعش کے ٹھکانوں کا صفایا کر کے چھوڑے گا۔ معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

افغان صدر نے کہا کہ شادی کی تقریب میں خود کش حملے میں 63 افراد کی ہلاکت پر ہر شہری دل گرفتہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہمارا مقد ہوگی اور اس واقعے کے بعد سے سو سالہ آزادی کی تقریبات ماند پڑگئی ہیں، جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے تمام تقریبات معطل کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کابل میں شادی کی تقریب میں خودکش حملے میں 63 افراد ہلاک، 180 زخمی

واضح رہے کہ کابل میں شادی کی تقریب میں خود کش حملے میں 63 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کی ذمہ د اری  مقامی داعش قیادت نے قبول کی تھی جب کہ طالبان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین اور بچوں پر حملہ کرنا قابل افسوس ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔